آبکاری پالیسی گھوٹالہ: ای ڈی والے کیس میں بھی سسودیا کو نہیں ملی راحت، عدالتی حراست میں 8 مئی تک توسیع

عدالتی حراست میں توسیع کیے جانے کے بعد جب منیش سسودیا عدالت سے نکل رہے تھے تو انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی جتنی سازش کر لیں، لیکن دہلی میں کیجریوال کے کام کو روک نہیں پائیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو نہ تو سی بی آئی والے کیس میں راحت مل رہی ہے، اور نہ ہی ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) والے کیس میں سکون میسر ہے۔ مبینہ آبکاری گھوٹالہ معاملے میں عدالتی حراست ختم ہونے پر ای ڈی نے آج سسودیا کو راؤز ایوینیو کورٹ میں پیش کیا جہاں عدالت نے ان کی حراست کو 8 مئی تک کے لیے بڑھا دیا۔

آج عدالت میں ای ڈی کے وکیل نے جانکاری دی کہ منیش سسودیا کو 9 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا اور پھر 10 مارچ کو انھیں ریمانڈ پر لیا گیا۔ اس وقت سے ہی وہ جیل میں ہیں اور منی لانڈرنگ معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔ راؤز ایوینیو کورٹ میں پیشی کے بعد جب منیش سسودیا نکل رہے تھے تو انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سسودیا نے کہا کہ ’’مودی جی جتنی سازش کر لیں، لیکن دہلی میں کیجریوال کے کام کو روک نہیں پائیں گے۔‘‘


واضح رہے کہ اس سے قبل راؤز ایوینیو کورٹ نے سی بی آئی کی طرف سے جانچ کی جا رہی آبکاری پالیسی معاملے میں منیش سسودیا کی عدالتی حراست جمعرات کو 12 مئی تک بڑھا دی تھی۔ راؤز ایوینیو کورٹ کے اسپیشل جج ایم کے ناگپال نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ سسودیا کو ضمنی فرد جرم کی ای-کاپی مہیا کرائے۔ دراصل سسودیا کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ جانچ ایجنسی نے معاملے میں ادھوری جانچ داخل کی تھی۔ انھوں نے عدالت سے ان کے موکل کو ڈیفالٹ ضمانت دینے کی گزارش بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔