آبکاری پالیسی گھوٹالہ: منیش سسودیا نے دہلی ہائی کورٹ میں داخل کی ضمانت عرضی، سماعت کل

دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کر دی ہے، اس ضمانت عرضی پر سماعت کل یعنی 6 اپریل کو ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

دہلی میں مبینہ آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ دہلی کی راؤز ایوینیو کورٹ نے انھیں 17 اپریل تک عدالتی حراست میں رکھنے کا فیصلہ سنایا ہوا ہے۔ اس درمیان سسودیا نے بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کر دی ہے۔ اس ضمانت عرضی پر سماعت کل یعنی 6 اپریل کو ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 31 مارچ کو راؤز ایوینیو کورٹ نے منیش سسودیا کی ضمانت عرضی خارج کر دی تھی۔ سسودیا کو گزشتہ دنوں سی بی آئی نے مبینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پیر کے روز یعنی 3 اپریل کو سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے سسودیا کی عدالتی حراست 17 اپریل تک بڑھا دی تھی۔ سی بی آئی نے دلیل دی تھی کہ گھوٹالے سے جڑے بدعنوانی معاملے میں جانچ ابھی اہم مرحلے میں ہے اس لیے ضمانت دینا مناسب نہیں۔ جانچ ایجنسی کی گزارش پر سسودیا کی عدالتی حراست 14 دن کے لیے بڑھا دی گئی تھی۔


اس سے قبل دہلی کی آبکاری پالیسی معاملے (منی لانڈرنگ) میں منیش سسودیا کی ضمانت عرضی پر بدھ کو دہلی کی راؤز ایوینیو کورٹ میں بھی سماعت ہوئی۔ منیش سسودیا اس وقت ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ سسودیا کے وکیل نے دلیل دی کہ ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا کوئی معاملہ نہیں بنتا ہے۔ پریڈکٹ آفینس کو لے کر بہت شور مچایا جا رہا ہے، لیکن ای ڈی کا پورا کیس سی بی آئی کے کیس پر مبنی ہے۔ اس درمیان ای ڈی نے منیش سسودیا کے خلاف کچھ نئے ثبوت ملنے کا بھی دعویٰ کیا۔ دونوں فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد عدالت نے ضمانت عرضی پر بحث کے لیے 12 اپریل کی تاریخ طے کی ہے اور ان کی عدالتی حراست 17 اپریل تک بڑھا دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔