بی جے پی کے راج میں بلڈوزر ناانصافی کی علامت بن گیا ہے: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو نے غازی پور میں برساتی موسم میں غریبوں کو بے دخل کیے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بلڈوزر ناانصافی کی علامت بن گیا ہے

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
لکھنؤ: اتر پردیش کے ضلع غازی پور میں دفاعی جائیدادوں سے مبینہ غیرقانونی قبضے ہٹانے کے لیے محکمہ دفاعی اسٹیٹ نے بلڈوزر کاررائی کی، جس میں درجنوں غریب خاندانوں کے گھر منہدم کر دیے گئے۔ اس معاملے پر سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’غازی پور کے جنگی پور علاقے میں جس طرح برسات کے وقت بغیر نوٹس دیے، نسلوں سے رہ رہے غریب خاندانوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے، وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ بی جے پی والوں کی زمین کی بھوک ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ انہیں خاندان کی کوئی اہمیت نہیں۔ خاندان کا درد صرف خاندان والے ہی سمجھ سکتے ہیں۔ بی جے پی کے دور حکومت میں بلڈوزر ناانصافی کی علامت بن چکا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جن افراد کو بے دخل کیا گیا ہے، ان میں معمر افراد، بیمار، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے فوری طور پر بازآبادکاری کا بندوبست کیا جانا چاہیے۔‘‘ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم اپنے ان تمام کارکنوں کی تعریف کرتے ہیں جو اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے لیے راحت اور مدد کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے حالیہ ایک تصویر کا حوالہ بھی دیا جس میں ایک بچی اپنے گھر کے ملبے سے اپنی کتابیں بچا کر لے جاتی دکھائی دی۔ انہوں نے لکھا، ’’ابھی وہ تصویر ذہن سے محو بھی نہیں ہوئی تھی کہ کچھ اور نئی تصویریں سامنے آ گئیں، جہاں بے سہارا لوگ اپنے گرائے گئے گھروں کے سامنے آنکھوں میں آنسو لیے کھڑے ہیں۔ بی جے پی کو جیسے دوسروں کو دکھ دے کر ہی خوشی حاصل ہوتی ہے۔‘‘
دوسری جانب، محکمہ دفاعی اسٹیٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی محکمہ کی زمین سے ناجائز قبضے ہٹانے کے لیے کی گئی ہے۔ نائب تحصیلدار نے بتایا کہ محکمہ نے متاثرین کو کئی مرتبہ نوٹس بھیجے تھے لیکن انہوں نے اپنی جگہ خالی نہیں کی، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی موجودگی میں یہ مہم چلائی گئی۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق، اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔