ایس آئی آر کا دباؤ موہت چودھری بھی برداشت نہیں کر پایا، زہر کھا کر خودکشی کی کوشش، کانگریس مودی-گیانیش پر حملہ آور
موہت نے بتایا کہ سپروائزر بار بار فون کر انھیں ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ پہلا معاملہ نہیں ہے، ایس آئی آر کے دباؤ میں اب تک ملک میں 35 بی ایل او کی جان جا چکی ہے۔

مختلف ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل جاری ہے اور بی ایل او پر بڑھے ہوئے دباؤ کی خبریں بھی لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ اس دباؤ کی وجہ سے اب تک تقریباً 3 درجن بی ایل او نے اپنی زندگی یا تو خود ختم کر لی یا پھر دباؤ کے سبب پیدا حالات میں ان کی موت ہو گئی۔ کئی ایسے بی ایل او بھی ہیں جنھوں نے خودکشی کے لیے قدم بڑھایا، لیکن وہ ناکام ہوئے۔ ایسا ہی ایک معاملہ اتر پردیش کے میرٹھ سے سامنے آیا ہے، جہاں بی ایل او موہت چودھری نے زہر کھا کر اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طے کردہ تعداد میں ایس آئی آر فارم جمع نہ کیے جانے پر سپروائزر لگاتار موہت چودھری کو معطل کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ اس دباؤ کا سامنا موہت نہیں کر پایا اور زہر کھا کر خودکشی جیسا قدم اٹھایا۔ اس معاملے میں کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے بی ایل او پر بڑھ رہے دباؤ کا ذمہ دار پی ایم مودی اور سی ای سی گیانیش کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’’نریندر مودی اور گیانیش کمار ایس آئی آر کو ’ووٹ چوری‘ کے ہتھیار کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ اب یہ ہتھیار بے قصوروں کی جان لے رہا ہے۔‘‘
کانگریس نے یہ تبصرہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔ پارٹی نے ایک ہندی نیوز پورٹل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں بی ایل او موہت چودھری کے ذریعہ زہر کھانے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کے میرٹھ میں بی ایل او موہت چودھری نے زہر کھا کر جان دینے کی کوشش کی۔ موہت نے بتایا کہ ایس آئی آر سپروائزر بار بار فون کر انھیں ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دے رہا تھا۔‘‘ کانگریس کا مزید کہنا ہے کہ ’’یہ پہلا معاملہ نہیں ہے، ایس آئی آر کے کام کے دباؤ میں اب تک ملک میں 35 بی ایل او کی جان جا چکی ہے۔‘‘
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں بی ایل او کی اموات پر فکر کا اظہار کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ’’اتر پردیش کے مراد آباد میں بی ایل او سرویش سنگھ نے پھندا لگا کر اپنی جان دے دی۔ ان کا 3 صفحات پر مشتمل خودکشی نوٹ بی ایل او کا درد بیان کر رہا ہے۔‘‘ اس ویڈیو میں موہت چودھری کے زہر کھانے کا ذکر بھی موجود ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ’’موہت کی بیوی کے مطابق ایس آئی آر کے دباؤ میں موہت نے زہر کھانے جیسا قدم اٹھایا۔‘‘ ایک دیگر واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’سنبھل میں بی ایل او اروند کمار کی حرکت قلب بند ہونے سے موت ہو گئی۔‘‘ آخر میں مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا گیا ہے ’’مودی حکومت کا جان لیوا ایس آئی آر اب تک 30 سے زیادہ بی ایل او کی موت کا سبب بن چکا ہے، لیکن بے حس ہو چکی مودی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔