اٹاوہ: متنازعہ قبرستان میں میت کی تدفین روکنے کے لئے پہنچی چار تھانوں کی پولیس

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رمیش چندر نے بتایا کہ چونکہ متنازعہ قبرستان پر اے ڈی ایم عدالت سے پابندی لگ چکی ہے، اس لیے کسی کو یہاں تدفین کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے،

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اٹاوہ: اترپردیش میں ضلع اٹاوہ کے ضلع جسونت نگر میں متنازعہ قبرستان میں ایک معصوم بچی کی میت کی تدفین روکنے کے لئے چار تھانوں سے پولیس کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ ضلع اٹاوہ کے وید پورہ، سول لائن، جسونت نگر اور سیفائی تھانے کو متنازعہ قبرستان میں لاش کی تدفین روکنے کے لئے لگایا گیا تھا۔ ضلع اور پولیس انتظامیہ نے مشترکہ طور پر سرگرمی سے عدالتی حکم عمل کراتے ہوئے مقامی باشندوں رضامند کرکے میت کو دوسری قبرستان میں دفن کرایا۔

متوفیہ بچی ڈینگو میں مبتلا تھی۔ جب لوگ میت کی تدفین کے لئے پہنچے تو دونوں فریقوں میں تنازعہ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ وید پورہ تھانہ کے انچارج حامد صدیقی نے دونوں فریقوں کو سمجھا بجھا کر صورتحال کو جوں کی توں برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔


کہا جارہا ہے کہ یہ قبرستان محسن کے کنبہ کے افراد کی ہے، جس میں اس خاندان کے بیس افراد کی تدفین تقریبا 60 سالوں میں ہوچکی ہے۔ اب گاؤں کے کسی دبنگ شخص نے قبرستان کی زمین خرید لی ہے، ویسے اس سے پہلے بھی دو افراد یہ زمین خرید چکے ہیں لیکن کسی وجہ سے انہوں نے قبضہ کرنے کی ہمت نہیں دکھائی۔ اب اس بار یہ لوگ اس زمین پر قبضہ کرنے کی ہمت کررہے ہیں، لیکن گاؤں والوں کی شکایت پر ایس ڈی ایم نے فی الحال اس معاملے کے تصفیے تک قبرستان میں تدفین پر پابندی عائد کردی ہے۔

گرام پردھان ہیرا لال نے بتایا کہ دبنگ لوگوں نے اس کنبہ کو پریشان کیا ہوا ہے۔ کچھ لوگوں نے قبرستان کی اراضی اپنے نام کرلی ہے۔ اس سے بچنے کے لئے، اصل مالک نے عدالت سے رجوع کیا ہے ، پھر ایس ڈی ایم نے قبرستان میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رمیش چندر نے بتایا کہ چونکہ متنازعہ قبرستان پر اے ڈی ایم عدالت سے پابندی لگ چکی ہے، اس لیے کسی کو یہاں تدفین کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، تدفین کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ آج سرگرم ہوگئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔