شوپیاں میں مسلح تصادم، جیش محمد سے وابستہ 2 ملی ٹینٹ ہلاک

ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ’جیش محمد‘ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے، مہلوک ملی ٹینٹوں میں سے ایک مقامی جبکہ دوسرا غیرملکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے میمندر میں بدھ کی علی الصبح ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ’جیش محمد‘ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ مہلوک ملی ٹینٹوں میں سے ایک مقامی جبکہ دوسرا غیرملکی ہے۔ ریاستی پولس نے مہلوک مقامی ملی ٹینٹ کی شناخت سہیل نذیر میر ولد نذیر احمد ساکنہ سید پورہ پائین شوپیاں کے طور پر کر دی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے میمندر میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں بدھ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔

ریاستی پولس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی ضلع شوپیاں کے میمندر علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ’’جھڑپ کی جگہ دونوں ملی ٹینٹوں کی نعشیں برآمد کرکے ان میں سے ایک کی شناخت سہیل نذیر میر ولد نذیر احمد ساکنہ سید پورہ پائین شوپیاں کے بطور ہوئی ہے جبکہ دوسرا پاکستان کا رہائشی ہے۔ پولس ریکارڈ کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ کالعدم تنظیم جیش کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں، عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلوب تھے۔ مارے گئے ملی ٹینٹوں کے خلاف کئی ایف آئی آر رجسٹرہے۔‘‘

پولس بیان میں کہا گیا کہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز اور پولس کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ جھڑپ کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بھی جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ’’پولس نے عوام سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ چنانچہ ممکن طور جھڑپ کی جگہ بارودی مواد اگر پھٹنے سے رہ گیا ہو تو اس کی زد میں آکر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اسی لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔