کشمیر: ملی ٹینٹوں کا سیکورٹی فورسز پر حملہ، تین اہلکار اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک

تین سیکورٹی فورسز اہلکار جاں بحق جبکہ دیگر پانچ بشمول ایک سٹیشن ہائوس آفیسر زخمی ہوئے، سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں ایک جنگجو کو ہلاک کردیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کھنہ بل – پہلگام روڑ پر بدھ کی شام جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین سیکورٹی فورسز اہلکار جاں بحق جبکہ دیگر پانچ بشمول ایک سٹیشن ہائوس آفیسر زخمی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں ایک جنگجو کو ہلاک کردیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھنہ بل – پہلگام روڑ پر واقع آکسفورڈ سکول کے نزدیک قائم سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے مشترکہ چیکنگ پوسٹ کو بدھ کی شام جنگجوئوں نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں نے فورسز اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے میں پانچ سی آر پی ایف اہلکار، پولیس تھانہ صدر کے ایس ایچ او ارشاد احمد اور ایک خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین سی آر پی ایف اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی کاروائی میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا جس کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Jun 2019, 7:10 PM