مدھیہ پردیش: عوام کو لگا ’بجلی‘ کا زوردار جھٹکا، کمل ناتھ نے شیوراج حکومت کو بتایا دھوکہ باز

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے درمیان مدھیہ پردیش کی عوام کو اب بجلی کا جھٹکا لگا ہے۔ پاور ریگولیٹری کمیشن نے بجلی کی شرح میں 1.98 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ نئی شرحیں 26 دسمبر سے نافذ ہوں گی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کی عوام کو شیوراج حکومت میں ایک اور زبردست جھٹکا لگا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں ہو رہے اضافہ کے درمیان اب بجلی کی شرح میں بھی اضافہ کا حکم صادر ہو گیا ہے۔ پاور ریگولیٹری کمیشن نے بجلی کی شرحوں میں 1.98 فیصد کا اضافہ کر دیا ہے اور یہ نئی شرح 26 دسمبر سے ہی نافذ العمل ہو جائیں گی۔ پاور ریگولیٹری کمیشن نے جمعرات کی شب کو نئی ٹیرف جاری کی ہے۔ اس کے مطابق 30 یونٹ تک کی بجلی خرچ کرنے والے صارفین پر کسی طرح کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور صارفین کو میٹر کرایہ نہیں دینا ہوگا۔ پہلے سنگل فیز میں 10 روپے، تھری فیز میں 25 روپے اور 10 کلو واٹ سے اوپر وزن کے صارفین کو 125 روپے مہینے میٹر کرایہ لگتا تھا۔

نئے ٹیرف کے مطابق گھریلو صارفین پر فی یونٹ 8 پیسے سے 15 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فکس چارج میں بھی ایک سے دو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ 50 یونٹ تک بجلی خرچ کرنے پر پانچ روپے اضافی دینا ہوگا۔ اسی طرح 100 یونٹ پر 12 روپے، 150 یونٹ پر 22.50 روپے کا اثر پڑے گا۔


علاوہ ازیں کسانوں کو 10 ایچ پی الیکٹریسٹی تک 750 روپے فی ایچ پی سالانہ اور اس سے زیادہ الیکٹریسٹی استعمال کرنے پر 1500 روپے فی ایچ پی کی شرح سے بل دینا ہوگا۔ پہلے کسانوں کو 10 ایچ پی تک 700 روپے فی ایچ پی کی شرح سے ادائیگی کرنی پڑتی تھی۔ وہیں 10 ایچ پی سے اوپر 1400 روپے فی ایچ پی سالانہ دینا ہوتا تھا۔

بجلی شرحوں کے نئے ٹیرف کو لے کر سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے شیوراج حکومت پر عوام کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بار مہنگائی سے راحت کا نعرہ دینے والی بی جے پی عوام کو مہنگائی کی آگ میں لگاتار جھونک رہی ہے۔ پٹرول-ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں کے بعد رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ اور اب بجلی کی شرحوں میں اضافہ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مہنگائی ڈھائن کھائے جات ہے کا نعرہ دینے والے کورونا بحران میں بھی عوام کو مہنگائی کی مار کے بوجھ تلے کچل رہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے عوام کو 100 روپے میں 100 یونٹ بجلی دے کر راحت فراہم کی تھی لیکن بی جے پی حکومت نے بجلی مہنگی کر عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ کیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔