پٹنہ ائیر پورٹ پر بڑا حادثہ، ایک کی موت، ایک زخمی

مہلوک پرنس راج، جو آج اپنا یومِ پیدائش منا رہے تھے، اپنی دوست کے ساتھ انڈیگو کے 15 سال مکمل ہونے پر ایک پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔

انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع ’جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے‘ پر بدھ کو ایک الیکٹرک بس سے کچل جانے کے سبب ایک ائیر لائن ملازم کی موت ہو گئی، جب کہ حادثے میں ایک دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ مہلوک کی شناخت پرنس راج کی شکل میں ہوئی ہے جو انڈیگو ائیرلائنس کا ملازم تھا۔ اس حادثے میں اس کی دوست لونے زخمی ہو گئی اور فی الحال وہ راجدھانی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں زندگی اور موت کے درمیان جنگ لڑ رہی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک پرنس راج، جو آج اپنا یوم پیدائش منا رہا تھا، اپنی دوست لونے کے ساتھ انڈیگو کے قیام کے 15 سال مکمل ہونے پر ایک پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پٹنہ ہوائی اڈہ پہنچا تھا۔ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا جس میں اس کی موت واقع ہو گئی اور اس کی دوست بری طرح زخمی ہو گئی۔


عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں متاثرین ہوائی اڈے کے گیٹ نمبر 1 پر ایک کیب سے اترے اور پروگرام کی جگہ پر جا رہے تھے تبھی اچانک سٹی بس سروس سے جڑی ایک الیکٹرک بس آ گئی۔ بس کی رفتار بہت تیز تھی۔ پرنس گاڑی کے پہیے کے نیچے آ گیا اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ خاتون ٹکر کے بعد کچھ دور جا کر گر گئی۔

پٹنہ ہوائی اڈہ پولیس چوکی پر تعینات ایک افسر کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے غلطی کرنے والے ڈرائیور کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے اور اسے گرفتار کر لیا ہے۔ حادثے کے بعد انڈیگو ائیرلائن کے ذمہ داران نے پروگرام کو رد کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔