چوتھے مرحلہ کی 71 سیٹوں کے لیے انتخابی تشہیر ختم، 29 اپریل کو ہوگی پولنگ

لوک سبھا انتخاب کے چوتھے مرحلہ کے لیے آج شام 5 بجے انتخابی تشہیر ختم ہو گئی۔ اس مرحلہ میں کل 71 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 29 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے چوتھے مرحلہ کی انتخابی تشہیر آج شام 5 بجے ختم ہو گئی۔ اس مرحلہ میں 9 ریاستوں کی 71 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان سیٹوں میں 45 پر اس وقت بی جے پی قابض ہے اور اس کے سامنے اپنی یہ سیٹیں بچانے کا چیلنج ہوگا۔ اس مرحلہ میں کنہیا کمار، ڈمپل یادو، گری راج سنگھ، ارملا ماتونڈکر، اوپیندر کشواہا، سلمان خورشید، شری پرکاش جیسوال، ساکشی مہاراج اور رام شنکر کٹھیریا جیسے امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ پورے ملک کی نگاہیں اس مرحلہ کے انتخاب پر ہے۔

بیگوسرائے، قنوج، اناؤ، بول پور، اجیار پور، جودھپور اور شمالی مہاراشٹر جیسی ہائی پروفائل سیٹوں پر اسی مرحلہ میں ووٹنگ ہونی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ بیگو سرائے سیٹ پر اس بار بی جے پی امیدوار گری راج سنگھ اور سی پی آئی امیدوار کنہیا کمار کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ لیکن کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ دونوں بھومیہار ذات سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا ووٹ بنٹنے کے امکانات ہیں۔ ایسے ماحول میں آر جے ڈی امیدوار تنویر حسن بھی بازی مار سکتے ہیں۔


چوتھے مرحلہ میں بہار کی 5 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلہ میں آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر عبدالباری صدیقی، بی جے پی کے ریاستی صدر نتیانند رائے، آر ایل ایس پی کے سربراہ اوپیندر کشواہا، ایل جے پی کے رام چندر پاسوان، بہار کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ سمیت 66 امیدوار میدان میں ہیں۔

دوسری طرف اتر پردیش میں کھیری سیٹ پر کانگریس کے ظفر علی نقوی، اناؤ سیٹ پر کانگریس کی انو ٹنڈن، بی جے پی کے سوامی ساکشی مہاراج، فرخ آباد سیٹ پر کانگریس کے سلمان خورشید، ایٹاوا سیٹ پر بی جے پی کے رام شنکر کٹھیریا، قنوج سیٹ پر سماجوادی پارٹی کی ڈمپل یادو، کانپور سیٹ پر کانگریس کے شری پرکاش جیسوال اور بی جے پی کے ستیہ دیو پچوری اہم امیدوار ہیں۔ یہاں 13 سیٹوں میں سے 12 پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔ وہیں ایک سیٹ سماجوادی پارٹی کے کھاتے میں ہے۔ لیکن اس بار بی جے پی کے لیے راہ آسان نہیں ہے۔ ایس پی-بی ایس پی اتحاد کے ساتھ ساتھ کانگریس سے بھی بی جے پی کو زبردست ٹکر مل رہی ہے۔


اس مرحلہ کی 71 سیٹوں میں بہار کی 5، جموں و کشمیر کی ایک، جھارکھنڈ کی 3، مدھیہ پردیش کی 6، مہاراشٹر کی 17، اڈیشہ کی 6، راجستھان کی 13، اتر پردیش کی 13 اور مغربی بنگال کی 8 سیٹیں شامل ہیں۔ ان 71 سیٹوں میں سے 45 پر بی جے پی کا قبضہ ہے جب کہ شیو سینا کو 9 اور ایل جے پی کو 2 سیٹیں ملی تھیں۔ کانگریس کی ان میں سے محض 2 سیٹیں ہیں جن میں مدھیہ پردیش کی چھندواڑا اور مغربی بنگال کی بہرام پور سیٹ تھی۔ چھندواڑا سے کمل ناتھ اور بہرام پور سے ادھیر رنجن چودھری جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس کے علاوہ نوین پٹنایک کی پارٹی بی جے ڈی کی ان 71 میں سے 6 سیٹیں ہیں اور ٹی ایم سی کی بھی 6 سیٹیں ہیں۔ ایک سیٹ سماجوادی پارٹی کے پاس ہیں۔

9 ریاستوں کی ان لوک سبھا سیٹوں پر 29 اپریل کو ہوگی پولنگ...

اتر پردیش:

13 سیٹ: شاہجہاں پور، کھیری، ہردوئی، مشرخ، اناؤ، فرخ آباد، ایٹاوا، قنوج، کانپور، اکبر پور، جالون، جھانسی، حمیر پور۔


بہار:

5 سیٹ: دربھنگہ، اجیار پور، سمستی پور، بیگوسرائے، مونگیر۔

جھارکھنڈ:

3 سیٹ: چترا، لوہردگا، پلاموں۔

جموں و کشمیر:

ایک سیٹ: اننت ناگ (صرف کلگام ضلع میں ووٹنگ۔

مہاراشٹر:

17 سیٹ: نندوربار، دھولے، ڈنڈوری، ناسک، پال گھر، بھیونڈی، کلیان، ٹھانے، ممبئی، ممبئی شمال-مغرب، ممبئی شمال-مشرق، ممبئی شمال-وسط، ممبئی جنوب-وسط، ممبئی جنوب، ماول، شیرور، شیرڈی۔

مغربی بنگال:

8 سیٹ: بہرام پور، کرشنا نگر، رانا گھاٹ، وردھمان مشرق، وردھمان-درگا پور، آسنسول، بول پور، بیربھوم۔

اڈیشہ:

6 سیٹ: میور بھنج، بالاسور، بھدرک، جاج پور، کیندرپاڑا، جگت سنگھ پور۔


مدھیہ پردیش:

6 سیٹ: سدھی، شہڈول، جبل پور، مانڈلا، بالاگھاٹ، چھندواڑا۔

راجستھان:

13 سیٹ: ٹونک-سوائی مادھو پور، اجمیر، پالی، جودھپور، باڑمیر، جالور، اودے پور، بانسوارا، چتوڑگڑھ، راج سمند، بھیلواڑا، کوٹہ، جھالوار-بارن۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔