اب 31 جنوری تک پانچ ریاستوں میں نہیں ہو سکے گی انتخابی ریلی، الیکشن کمیشن کا اعلان

چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے ہفتہ کو صحت کے مرکزی سکریٹری راجیش بھوشن اور ان انتخابات والی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں، پرنسپل ہیلتھ سکریٹریوں اور چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

یو این آئی

نئی دہلی: پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ان ریاستوں میں ریلیوں پر عائد پابندیوں میں 31 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔ ہفتہ کو یہاں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیاسی پارٹیوں کو اس مدت تک صرف ورچوئل ریلیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم پہلے اور دوسرے مرحلے میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو اس پابندی میں کچھ نرمی دی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو 28 جنوری سے 8 فروری اور دوسرے مرحلے میں یکم فروری سے 12 فروری تک تک کھلے میدان میں مخصوص مقامات پربراہ راست جلسہ عام کی اجازت دی گئی ہے لیکن ان میں شامل ہونے والے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو 500 یا پھر مقام کی 50 فیصد گنجائش تک محدود کیا گیا ہے۔ 27 جنوری کو پہلے مرحلے اور 31 جنوری کو دوسرے مرحلے میں انتخاب لڑنے والے امیدواروں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ایسے میں ان مرحلوں میں کمیشن نے کووڈ حفاظت کو ذہن میں رکھنے کی شرط کے ساتھ عوامی اجتماعات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


کمیشن نے ڈور ٹو ڈور مہم کے لیے لوگوں کی مقررہ حد کو پانچ سے بڑھا کر 10 کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ کمیشن نے کووڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کی شرط کے ساتھ مخصوص جگہوں پر تشہیر کے لیے ویڈیو وین کو بھی اجازت دی ہے۔ اس میں ناظرین کی تعداد 500 تک محدود کر دی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے ہفتہ کو صحت کے مرکزی سکریٹری راجیش بھوشن اور ان انتخابات والی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں، پرنسپل ہیلتھ سکریٹریوں اور چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ میٹنگ میں عوامی ریلیوں، پیدل یاترا، کار موٹر سائیکل ریلیوں اور روڈ شوز پر پابندی کو جاری رکھنے یا ختم کرنے پر غور کیا گیا۔ صحت کے مرکزی سکریٹری اور پرنسپل ہیلتھ سکریٹریوں نے متفقہ طور پر الیکشن کمیشن کو بتایا کہ کورونا انفیکشن کی رفتار ابھی کم نہیں ہوئی ہے۔ بحث میں یہ بات سامنے آئی کہ ابھی کوئی چھوٹ دینا درست نہیں ہوگا۔ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جلسوں پر پابندی کو کم از کم اگلے ہفتے تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو زیادہ سے زیادہ 300 افراد یا ہال کی گنجائش کے 50 فیصد کے ساتھ ’انڈور میٹنگ‘ کرنے کی اجازت دینے کے اپنے پہلے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اور ضلعی انتظامیہ کو مثالی ضابطہ اخلاق ماڈل کے التزام اور کووڈ کووڈ-19 سے متعلق رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سے قبل، اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور میں انتخابی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کمیشن نے وبا کے پیش نظر 15 جنوری تک ریلیوں اور جلسوں پر پابندی عائد کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔