5 ریاستوں کو ملنے والی ہے انتخابی سوغات، اپریل میں 5 ’وندے بھارت‘ ٹرینوں کو پی ایم مودی دکھائیں گے ہری جھنڈی!

فی الحال 10 وَندے بھارت ٹرینیں ملک کے مختلف حصوں میں چلائی جا رہی ہیں، تازہ ترین خبر یہ ہے کہ مزید 5 ونڈے بھارت ٹرینوں کو وزیر اعظم نریندر مودی اپریل ماہ میں ہری جھنڈی دکھانے والے ہیں۔

وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

’وندے بھارت ایکسپریس‘ کے ساتھ بھلے ہی حادثات کی کئی خبریں سرخیاں بنی ہیں، لیکن ایسے لوگوں کی تعداد کم نہیں ہے جو اس ٹرین میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ سپرفاسٹ اس ٹرین سے لوگ کم وقت میں اپنا سفر پورا کر لیتے ہیں۔ فی الحال 10 وَندے بھارت ٹرینیں ملک کے مختلف حصوں میں چلائی جا رہی ہیں۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ مزید 5 ونڈے بھارت ٹرینوں کو وزیر اعظم نریندر مودی اپریل ماہ میں ہری جھنڈی دکھانے والے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ایک ماہ میں 5 نئی وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح ہوگا۔ 2024 میں لوک سبھا انتخاب ہونا ہے اس لیے وندے بھارت ٹرینوں کو ان ریاستوں کے لیے انتخابی سوغات تصور کیا جا رہا ہے۔

انڈین ریلوے کے مطابق 5 وندے بھارت ایکسپریس چلنے کے لیے تیار ہیں۔ پانچویں ٹرینیں آئندہ ماہ سے چلائی جائیں گی جو ملک کے مختلف حصوں کا احاطہ کریں گی۔ اس میں سے ایک ٹرین بھوپال کے رانی کملا پتی اسٹیشن سے نئی دہلی کے درمیان چلے گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس ٹرین کو وزیر اعظم مودی یکم اپریل کو بھوپال میں ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ وندے بھارت ٹرین رانی کملاپتی اسٹیشن سے نئی دہلی کے درمیان ہفتے میں چھ دن چلائی جائے گی۔ ہفتہ کے روز یہ ٹرین نہیں چلے گی، کیونکہ اس دن وندے بھارت کے ریک کا مینٹیننس کیا جائے گا۔


اجمیر سے جئے پور ہوتے ہوئے نئی دہلی کے لیے بھی اپریل کے پہلے عشرہ میں وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح ہونے والا ہے، حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ گزشتہ 28 مارچ کو وندے بھارت ٹرین کا اسپیڈ ٹرائل بھی شروع ہو گیا اور یہ ٹرائل تین دنوں کے لیے مقرر ہے۔ ٹرائل ختم ہونے کے بعد ہی اس روٹ پر وندے بھارت کے اسٹاپیج، کرایہ یا کھانے کے مینیو سے متعلق جانکاری دی جائے گی۔

دو دیگر وندے بھارت ٹرینوں کو 8 اپریل کو الگ الگ وقت پر ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیے جانے کی تیاری ہے۔ ایک وندے بھارت ٹرین حیدر آباد سے تروپتی اور دوسری چنئی سے کوئمبٹور کے درمیان شروع ہوگی۔ وزیر اعظم مودی 8 اپریل کی صبح حیدر آباد سے، اور شام کو چنئی سے ٹرین کو روانہ کریں گے۔


اس درمیان ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 25 اپریل کو وزیر اعظم مودی بہار کی راجدھانی پٹنہ سے رانچی کے ہٹیا تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس سے دونوں شہروں کے درمیان کا سفر بہت آسان ہو جائے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس ٹرین کا پٹنہ اور ہٹیا کے علاوہ 7 مزید اسٹیشنوں پر ٹھہراؤ ہوگا۔ پٹنہ کے علاوہ یہ ٹرین بہار کے مزید دو اضلاع میں رکے گی جس سے مسافروں کو بہت آسانیاں میسر ہوں گی۔ جو جانکاری مل رہی ہے اس کے مطابق یہ ٹرین بھی ہفتہ میں 6 دن چلائی جائے گی۔ پٹنہ سے صبح ’جن شتابدی ٹرین‘ کے بعد یہ ٹرین کھلے گی اور دوپہر میں ہٹیا پہنچ جائے گی۔ علاوہ ازیں ہٹیا سے واپسی میں دوپہر میں چلے گی اور شام میں پٹنہ پہنچے گی۔ شروع میں یہ سفر 7 گھنٹے کا ہوگا، اور پھر دھیرے دھیرے جب رفتار بڑھائی جائے گی تو یہ سفر 4 سے 5 گھنٹے پر مشتمل ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔