ضمنی انتخابات: کورونا بحران کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی نئی رہنما ہدایات جاری

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت کے تحت امیدواروں کو اب آن لائن نامزدگی کے کاغذات جمع کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی اورآن لائن حلف نامہ بھی وہ جمع کرا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

تنویر

کورونا بحران کے درمیان کئی ریاستوں میں خالی اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہونے ہیں اور جلد ہی کچھ ریاستوں بشمول بہار و اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخاب بھی ہونے ہیں۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے آج الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نئی گائیڈ لائن یعنی رہنما ہدایات جاری کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت کے تحت امیدوار کو اب آن لائن نامزدگی کے کاغذات جمع کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی اورآن لائن حلف نامہ بھی وہ جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ چاہیں تو اپنی ضمانت کی رقم بھی آن لائن جمع کر سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کورونا انفیکشن کے اثرات سے بچنے کے لیے نامزدگی کے کاغذات بھرتے وقت امیدوار کے ساتھ رہنے والے لوگوں اور گاڑیوں کی تعداد بھی محدود کر دی ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امیدوار سمیت صرف 5 لوگ ہی گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلسہ عام اورروڈ شو کی تبھی اجازت مل سکتی ہے جب وزارت داخلہ اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے جاری ہدایات کی پیروی کی جائے۔


الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری نئی رہنما ہدایات کے مطابق ووٹروں کو ای وی ایم بٹن دبانے کے وقت اور ووٹر رجسٹر پر دستخط کرتے وقت دستانے مہیا کرانے کا خاص نظم کیا جائے گا تاکہ وہ کسی بھی طرح کورونا انفیکشن کی زد میں نہ آئیں۔ کمیشن نے کورونا بحران کو دیکھتے ہوئے سبھی ریاستوں میں انتخابی تیاریوں کے وقت ان ہدایات کی پیروی کرنے اور احتیاطی تدابیر کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 17 جولائی کو قومی اور علاقائی سیاسی پارٹیوں سے کورونا کے دوران انتخابات کرائے جانے کے بارے میں ان کے مشورے 31 جولائی تک طلب کئے تھے جس کی تاریخ بڑھا کر بعد میں 11 اگست کردی گئی تھی۔ سبھی پارٹیوں کے مشورے کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمیشن کے ذریعہ ترمیم شدہ نئی ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2020, 7:46 PM