ووٹ شماری سے قبل انتخابی کمیشن الرٹ، ’ای وی ایم سیریل نمبر‘ سیاسی پارٹیوں کے حوالے

پانچ ریاستوں میں حال ہی میں اختتام پذیر اسمبلی انتخابات کے بعد اب ووٹ شماری کے پیش نظر 50 ہزار سے زائد افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخاب کے بعد اب جمعرات یعنی 10 مارچ کو ووٹوں کی گنتی ہونی ہے۔ اس کے لیے ہر ریاست میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹ شماری سے قبل انتخابی کمیشن نے جانکاری دی ہے کہ 130 پولیس نگراں اور 10 خصوصی نگراں کی انتخابی کمیشن کے نمائندے کے طور پر تقرری کی گئی ہے۔ ای وی ایم کو 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کی نگرانی میں تھری لیئر سیکورٹی میں رکھا گیا ہے۔ ہر ای وی ایم کے سیریل نمبر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔

انتخابی کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم سے جڑی کچھ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جو پوری طرح سے غلط ہیں۔ کچھ معاملوں میں کارروائی کی گئی ہے اور ووٹ شماری کے وقت کسی بھی طرح کی بے ضابطگی کا امکان نہیں ہے۔ کمیشن نے یہ بھی بتایا کہ چیف الیکٹورل افسر یوپی کو افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر چندر بھوشن کمار نے کہا کہ انتخابی کمیشن نے کسی بھی طرح کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کی ہے۔


بہرحال، پانچ ریاستوں میں حال ہی میں اختتام پذیر اسمبلی انتخابات کے بعد اب ووٹ شماری کے پیش نظر 50 ہزار سے زائد افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ تقریباً 1200 ووٹ شماری ہال بنائے گئے ہیں جہاں ای وی ایم سے ریزلٹ درج کیے جائیں گے۔ اتر پردیش میں اسمبلی کی سب سے زیادہ 403 سیٹیں ہیں، یہاں سب سے زیادہ 750 ووٹ شماری ہال بنائے گئے ہیں۔ پنجاب میں ان کی تعداد 200 ہے۔ ووٹ شماری کے عمل کی نگرانی کے لیے پانچ ریاستوں میں 650 سے زائد ووٹ شماری نگراں تعینات کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */