بہار کے پورنیا میں سڑک حادثہ، آٹھ افراد کی موت

پورنیہ ضلع کے جلال گڑھ تھانے کے سیما کالی مندر کے قریب این ایچ 57 پر پائپ سے بھرا ٹرک صبح کے وقت الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

بہار کے پورنیا میں سڑک حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
بہار کے پورنیا میں سڑک حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پورنیا: بہار میں پورنیا ضلع کے جلال گڑھ تھانہ علاقے میں قومی شاہراہ نمبر 57 پر پائپ سے لدے ایک ٹرک کے پلٹنے سے دب کر آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ پیر کی صبح این ایچ 57 پر جلال گڑھ میں کالی مندر کے نزدیک ٹرک پلٹنے سے اس پر لدے لوہے کے پائپ کے نیچے دبنے سے آٹھ مزدوروں کی موت ہوگئی۔ سبھی مزدور لوہے کے پائپ کے اوپر سوئے ہوئے تھے تبھی اچانک یہ حادثہ ہوا۔

پولیس کے مطابق، ٹرک اگرتلا سے جموں کشمیر جا رہا تھا اور اس پر بورویل کا سامان لدا ہوا تھا۔ ٹرک کی رفتار کافی تیز تھی اور ممکن ہے کہ ڈرائیور کو جھپکی لگ گئی ہو، جس کی وجہ سے گاڑی پلٹ گئی۔ ٹرک پر سوار سبھی مزدور راجستھان کے بتائے جاتے ہیں۔ اس حادثے میں چھ دیگر مزدور زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لئے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


مرنے والوں میں کانتی پرمار 60 سال، راما جی پرمار 65 سال، کاوارام پرمار 35 سال، منی لال پرمار 40 سال، ایشور لال، وسولال، ہریش اور ہرونش شامل ہیں، جب کہ 5 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں کچھ راجستھان اور کچھ یوپی کے رہنے والے ہیں۔ دو لوگوں کو نازک حالت میں پورنیا میڈیکل کالج اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ پورنیہ کے صدر ایس ڈی پی او نے بھی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے بعد ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال بھیجنے کا کام جاری ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔