ایڈیٹرس گلڈ نے راہل کے بیان پر مہر لگائی

کانگریس نے کہا ’’راہل گاندھی نے رافیل گھوٹالے کی رپورٹنگ نہ کرنے کا میڈیا پر دباؤ بنانے سے متعلق جو بیان دیا تھا آخر کار ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔‘‘

کانگریس صدر راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ رافیل سودے سے متعلق خبروں کے سلسلے میں میڈیا پر دباؤ کے تناظر میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے جو بیان دیا تھا، ایڈیٹرس گلڈ نے اس بیان پر مہر لگا دی ہے۔

پارٹی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل گھوٹالے کی رپورٹنگ نہ کرنے کا میڈیا پر دباؤ بنانے سے متعلق جو بیان دیا تھا آخر کار ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔‘‘

اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ایڈیٹرس گلڈ کا وہ بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں اس نے کہا ہےکہ ’’میڈیا کی آزادی پر چیلنج بڑھ گئے ہیں۔‘‘

ایڈیٹرس گلڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں پر جس طرح سے سیاسی دباؤ بنایا جا رہا ہے اور سرکاری مداخلت سے ٹیلی ویژن چینلوں پر حکومت کی تنقید کرنے والے نشریات کو کم کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے، ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا اس کی مذمت کرتا ہے۔

ایڈیٹرس گلڈ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دو چینل کے صحافیوں نے کھل کر کہا ہے کہ ان چینلوں کے مالکان نے نشریات میں حکومت پر تنقید کم کرنے کو کہا ہے۔ اس صورت حال میں صحافیوں کے پاس ملازمت چھوڑنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔

ایڈیٹرس گلڈ نے مزید کہا کہ دو ٹی وی چینلوں کے کچھ صحافیوں کو براہ راست دباؤ ڈال کر یا مالکان کے ذریعے ان پر دباؤ بنا کر ملازمت سے نکالا جانا میڈیا کی آزادی اور آزاد صحافت پر نکیل کسنے اور براہ راست مداخلت کرنے کی کوشش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ ٹی وی چینلوں کے پروگراموں کے سگنلوں میں خلل ڈالنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔ اس معاملے کی جانچ ہونی چاہئے کہ ایسے واقعات کیوں ہو رہے ہیں اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Aug 2018, 9:33 AM