ای ڈی نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کو پوچھ گچھ کے لیے پھر طلب کیا، 31 جنوری تک پیش ہونے کی ہدایت

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ایک بار پھر سمن جاری کیا ہے۔ ای ڈی نے ان سے کہا ہے کہ وہ پوچھ گچھ کے لیے 27 سے 31 جنوری تک کوئی بھی تاریخ طے کر سکتے ہیں

ہیمنت سورین، تصویر آئی اے این ایس
ہیمنت سورین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رانچی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ایک بار پھر سمن جاری کیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سے پہلے مرحلہ کی پوچھ گچھ 20 جنوری کو ہوا چکی ہے۔ اب ای ڈی نے ان سے کہا ہے کہ وہ 27 سے 31 جنوری تک کوئی بھی تاریخ طے کریں۔ سی ایم سے پچھلی پوچھ گچھ ان کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی لیکن اس بار ای ڈی نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ انہیں ای ڈی آفس آنا پڑے گا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعلیٰ سورین سے ہفتہ کو ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کے خلاف زمین گھوٹالہ اور غیر قانونی کان کنی کے کچھ الزامات ہیں جن کی ای ڈی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے وزیر اعلیٰ کے دو مبینہ ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ اس معاملے میں مرکزی ملزم پنکج مشرا کے گھر سے بینک پاس بک اور ایک چیک بک کے ساتھ وزیر اعلیٰ سورین کے دستخط والے دو چیک برآمد ہوئے ہیں۔


ای ڈی نے پنکج مشرا کے خلاف دائر اپنی چارج شیٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایجنسی نے 8 جولائی 2022 کو صاحب گنج میں چھاپے کے دوران بینک کے دستاویزات برآمد کیے تھے۔ ای ڈی کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد کیس کی تحقیقات شروع کی گئی۔ ایجنسی نے مارچ کے مہینے میں ایک کیس درج کیا تھا۔ ای ڈی نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ چیف منسٹر کے خلاف کئی اثاثوں کا پتہ چلا ہے۔ ایجنسی نے دیگر مشتبہ افراد کے گھروں پر سرچ آپریشن کے دوران وزیر اعلیٰ کی کئی فائلیں اور بنک دستاویزات برآمد کیں۔

جانچ ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے مبینہ قریبی ساتھی اور اہم ملزم پنکج مشرا غیر قانونی کانکنی میں سرگرم عمل ہیں۔ الزام ہے کہ پنکج مشرا نے وزیر اعلیٰ سورین کی ہدایت پر کروڑوں روپے بٹورے تھے۔ پنکج مشرا کو بعد میں ای ڈی نے اپنی تحویل میں لے لیا، جو فی الحال عدالتی تحویل میں ہے۔ ایجنسی نے ملزمان کے ٹھکانے پر سرچ آپریشن کے دوران کروڑوں روپے کی نقدی بھی ضبط کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔