ای ڈی نے مغربی بنگال کے 8 آئی پی ایس افسران کو بھیجا سمن، دہلی میں پیشی کی ہدایت

کروڑوں روپے کا کوئلہ چوری گھوٹالہ مغربی بنگال کے کنستوریا اور مغربی بردھمان ضلع کے کجورا علاقوں میں ایسٹرن کول فیلڈس لمیٹڈ کی کانوں سے جڑا ہوا ہے، چارج شیٹ میں 41 لوگوں کے نام ہیں۔

علامتی تصویر، ای ڈی
علامتی تصویر، ای ڈی
user

قومی آوازبیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کروڑوں روپے کے کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں سکیش جین، گیانونت سنگھ، راجیش مشرا، شیام سنگھ، سیلوا مروگن، کوٹیشور راؤ سمیت مغربی بنگال کے آٹھ ائی پی ایس افسران کو آئندہ ہفتے دہلی طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی شہری سیکورٹی شیام سنگھ کو 24 اگست کو طلب کیا گیا ہے، جب کہ اے ڈی جی آئی جی پی، آئی بی راجیو مشرا کو 26 اگست 2022 کو ای ڈی نے طلب کیا ہے۔ اے ڈی جی ایس ٹی ایف گیانونت سنگھ کو 22 اگست، ایس پی ڈبلیو بی پی آر بی تتھاگت بسو کو 30 اگست، ڈی آئی جی ٹریفک سکیش جین کو 29 اگست، ایس او (ہیڈکوارٹر) اے سی بی ڈبلیو کوٹیشور رائے کو 23 اگست، ایس پی پرولیا سیلوا مروگن کو 25 اگست، اور ایس پی (سی آئی ایف) بھاسکر مکھرجی کو 31 اگست کو ای ڈی نے طلب کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کچھ آئی پی ایس افسران کو اس کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں 2021 میں بھی طلب کیا گیا تھا۔ ویسے سی بی آئی نے جولائی 2022 میں کوئلہ چوری معاملے میں اپنی پہلی چارج شیٹ پیش کی تھی جس میں اہم ملزمین انوپ مانجھی عرف لالہ سمیت 41 لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ کروڑوں روپے کا کوئلہ چوری گھوٹالہ مغربی بنگال کے کنستوریا اور مغربی بردھمان ضلع کے کجورا علاقوں میں ایسٹرن کول فیلڈس لمیٹڈ کی کانوں سے جڑا ہوا ہے۔ چارج شیٹ میں جن 41 لوگوں کے نام شامل ہیں، ان میں آٹھ پبلک سرونٹ، سابق جنرل منیجر، چیف منیجر اور ایسٹرن کولڈ فیلڈس لمیٹڈ (ای سی ایل) کے کچھ موجودہ افسران شامل ہیں۔ چارج شیٹ میں چار نامزد ملزم بھی ہیں جن کے نام ہیں جئے دیو منڈل، نارائن نندا، گروپد مانجھی اور نیرد منڈل۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔