سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ، کانگریس کا ملک گیر احتجاج، متعدد لیڈران اور کارکنان زیرِ حراست

سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ پر کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں ای ڈی کے دفتر کا بھی گھیراؤ کیا جا رہا ہے۔

کانگریس کا احتحاج / قومی آواز / وپن
کانگریس کا احتحاج / قومی آواز / وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہوئیں۔ وہ زیڈ پلس سیکورٹی میں ای ڈی کے دفتر پہنچیں۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ اس دوران دہلی پولیس نے راجستھان کے وزیراعلیٰ سمیت پارٹی کے سینئر لیڈروں کو کانگریس ہیڈکوارٹر کے باہر سے حراست میں لے لیا۔

سونیا گاندھی سے پوچھ گچھ سے قبل کانگریس ہیڈکوارٹر اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کے ارد گرد بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے اور ٹریفک کے کئی راستوں کو تبدیل کر دیا گیا۔ 24 اکبر روڈ سے ای ڈی آفس پریاورن بھون، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ تک کے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔


کانگریس پارٹی کی جانب سے سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی جار ہی ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور دیگر رہنماؤں نے سڑک پر دھرنا دیا۔ تاہم اس موقع پر پارٹی کے کچھ دیگر رہنما بھی دھرنے میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر غلط کام کر رہی ہے۔ ایسے معاملہ میں پریشان کیا جا رہا ہے جس کی کوئی بنیاد ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے پچھلی بار راہل گاندھی کو طلب کیا تھا، 5 دن تک پوچھ گچھ ہوئی اور آج سونیا گاندھی کو طلب کیا گیا ہے، حکومت کو شرم نہیں آتی، وہ ایک خاتون کے ساتھ ایسا سلوک کر رہی ہے۔


دہلی پولس کے ذریعہ پارٹی لیڈروں کی حراست پر کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اگر دہلی پولس انہیں حراست میں لے رہی ہے تو انہیں لینے دو اور ہم جیل بھرو آندولن بھی کریں گے۔ سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ پر کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں ای ڈی کے دفتر کا بھی گھیراؤ کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔