مہادیو سٹہ بازی کیس میں ای ڈی نے 580 کروڑ روپے منجمد کیے

ای ڈی کے مطابق مہادیو بیٹنگ ایپ معاملے سے مجرمانہ طور پر حاصل ہونے والی رقم تقریباً 6000 کروڑ روپے ہے، اس معاملے میں اب تک کل نو لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مہادیو آن لائن سٹے بازی کیس میں مجرمانہ طور پر حاصل کیے گئے 580 کروڑ روپے کو منجمد کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ چھاپے کے دوران 1.86 کروڑ روپے کی کیش اور 1.78 کروڑ روپے کا قیمتی سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔ یہ چھاپے حال ہی میں ای ڈی نے دہلی، ممبئی، کولکاتہ، رائے پور، اندور اور گروگرام میں مارے تھے۔ ای ڈی کے مطابق اس معاملے میں مجرمانہ طور پر کمائی  گی رقم تقریباً 6000 کروڑ روپے ہے۔

ای ڈی نے چھتیس گڑھ پولس کی ایف آئی آر پر اپنی جانچ شروع کی تھی۔ اس کے علاوہ وشاکھا پٹنم پولس اور کچھ دیگر ریاستوں کی پولیس نے بھی مہادیو ایپ کے خلاف کیس درج کیا تھا، جسے ای ڈی نے ریکارڈ پر لے لیا ہے۔ جانچ سے معلوم ہوا کہ مہادیو ایپ دبئی سے چلایا جا رہا تھا جس کی فرنچائز کئی ممالک میں مختلف ناموں سے 70 سے 30 فیصد پرافٹ مارجن پر دی جاتی تھی۔ مہادیو ایپ کے پروموٹر کچھ دیگر بیٹنگ ایپس جیسے ’ریڈی اننا‘ و ’فیئر پلے‘ وغیرہ میں بھی شراکت دار تھے۔ ان ایپس کے ذریعے کمائی کو جعلی بینک اکاؤنٹس اور حوالہ کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ کولکاتہ کا ایک بڑا حوالہ تاجر ہری شنکر ٹبروال دبئی سے مہادیو ایپ کے پروموٹر کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔


اس جانچ کے بعد ای ڈی نے ہری شنکر اور اس کے قریبی لوگوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جس سے پتہ چلا کہ وہ ’اسکائی ایکسچینج‘ کے نام سے خود اپنا بیٹنگ ایپ بھی چلا رہا تھا۔ اس بیٹنگ ایپ سے ہونے والی کمائی کو ایف پی آئی کے ذریعے ہندوستان کے اسٹاک مارکیٹ میں لگایا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ اس نے اپنے کئی ساتھیوں کو اپنے جعلی کمپنی کا ڈائریکٹر اور ملازم بنا  رکھا تھا، جن کے ذریعے وہ اسٹاک مارکیٹ میں پیسہ لگا رہا تھا۔ ہری شنکر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے پی ایم ایل اے کے تحت 580.78 کروڑ روپے منجمد کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ مہادیو آن لائن سٹے بازی کیس میں مبینہ طور پر کے کئی اعلیٰ درجے کے سیاستدان اور بیورو کریٹس ملوث ہیں۔ حکام کے مطابق ریاست میں چھ مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں سالٹ لیک میں ایک تاجر کی رہائش اور دفتر بھی شامل ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہادیو آن لائن سٹے بازی کیس کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، حال ہی میں ممبئی، مغربی بنگال اور دہلی-این سی آر میں کل 15 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں اب تک کل نو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ایپ کے مرکزی پروموٹر اور آپریٹرز چھتیس گڑھ سے ہیں۔ ایجنسی کئی مشہور شخصیات اور بالی ووڈ اداکاروں کو آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم کے ساتھ ان کے روابط پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کر چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔