دہلی-این سی آر میں پھر آیا زلزلہ، تیز جھٹکوں سے لوگ دہشت میں

پیر کی شام آئے زلزلہ کے تیز جھٹکوں کے بعد لوگ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کر خالی میدان میں پہنچ گئے، زلزلہ کے جھٹکے 4.18 بجے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر پیمانہ پر 5.6 رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی-این سی آر میں ایک بار پھر زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں میں دوسری بار آئے اس زلزلہ سے لوگوں میں زبردست دہشت پھیل گئی ہے۔ پیر کی شام آئے زلزلہ کے تیز جھٹکوں کے بعد لوگ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کر خالی میدان میں پہنچ گئے۔ زلزلہ کا جھٹکا شام 4 بج کر 18 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 5.6 درج کی گئی ہے۔

تازہ زلزلہ کا مرکز بھی نیپال بتایا جا رہا ہے اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ فی الحال اس زلزلہ سے کسی جانی و مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ حالانکہ لوگوں میں بار بار آ رہے زلزلہ سے ایک خوف پیدا ہو گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز منی پور کے چراچندپور میں 3.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ نیشنل سنٹر فار سسمولوجی (این ایس سی) نے اس تعلق سے بتایا تھا کہ زمین 5.42 بجے ہلی۔ اس سے قبل اتر پردیش کے ایودھیا میں دیر شب 1 بجے 3.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ یہ دونوں زلزلے تو کم شدت والے تھے، لیکن جمعہ کے روز نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی وجہ سے دہلی-این سی آر اور شمالی ہند کے کئی حصوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

جمعہ کے روز آئے زلزلہ کا مرکز کاٹھمنڈو سے تقریباً 550 کلومیٹر دور جاجرکوٹ ضلع کے رامیدنڈا میں تھا۔ اس زلزلہ میں زبردست تباہی ہوئی تھی۔ جاجرکوٹ اور روکوم مغرب کے دو اضلاع اس سے شدید متاثر ہوئے۔ جاجرکوٹ میں کم از کم 105 لوگوں کی موت ہوئی اور زخمیوں کی تعداد بھی درجنوں میں رہی۔ روکوم ویسٹ میں 52 ہلاکتوں اور 85 زخمیوں کی اطلاع ملی تھی۔ یہ زلزلہ جمعہ کی شب تقریباً 11.30 بجے آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔