جے رام رمیش نے مودی کے دورۂ ٹرینیڈاڈ پر یاد دلائی اندرا گاندھی کا 1968 کا تاریخی دورہ
وزیر اعظم مودی کے ٹرینیڈاڈ دورے کے دوران کانگریس نے اندرا گاندھی کے 1968 کے دورے کی یاد دلائی۔ جے رام رمیش نے ویڈیو شیئر کر کے ہندوستان-ٹرینیڈاڈ تعلقات اور اہم شخصیات کا ذکر کیا

وزیراعظم نریندر مودی کے ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے سرکاری دورے کے دوران کانگریس نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی 1968 کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کیا ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اندرا گاندھی کے دورے پر مبنی ایک دستاویزی ویڈیو شیئر کی ہے، جو اس وقت ٹرینیڈاڈ کے میزبانوں نے تیار کی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح اس وقت کے وزیر اعظم ایریک ولیمز نے ایئرپورٹ پر اندرا گاندھی کا استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور عام لوگ سڑکوں پر ان کے استقبال کے لیے کھڑے تھے۔
جے رام رمیش نے اس موقع پر ٹرینیڈاڈ میں ہند نژاد افراد کے تاریخی کردار، سیاسی اثرات اور ثقافتی تعاون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا کیریبن ملک ہے جہاں 19ویں صدی میں ہزاروں ہندوستانی مزدوروں کو برطانوی سامراج نے ’گرمیٹ‘ معاہدے کے تحت پہنچایا تھا۔
انہوں نے ان مزدوروں کی نسلوں کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم باس دیو پانڈے، موجودہ وزیر اعظم کملا پرساد-بیسسر، نوبل انعام یافتہ مصنف وی ایس نائپال، ان کے بھائی شیو نائپال اور مشہور کرکٹر سنی راما دھن کا تذکرہ کیا۔
رمیش نے لکھا کہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کی خوبصورت کثیر نسلی سماج میں ہندوستان سے جڑاؤ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ انہوں نے ملک کے پہلے وزیر اعظم ایریک ولیمز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کتاب ’کیپیٹلزم اینڈ سلیوری‘ کا ذکر کیا، جو 1944 میں شائع ہوئی اور آج بھی کلاسک سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اکتوبر 1968 میں اندرا گاندھی نے ایریک ولیمز سے ان کے اسی تاریخی موضوع پر تفصیلی گفتگو کی تھی، اور میزبانوں نے ان کی اس دورے پر ایک خوبصورت فلم بھی تیار کی تھی، جس کا لنک انہوں نے اپنی پوسٹ میں شامل کیا۔ جے رام رمیش نے یہ بھی بتایا کہ ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے عظیم کرکٹرز جیسے لیری کانسٹنٹائن اور برائن لارا بھی عالمی شہرت کے حامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے مشہور لیگ اسپنر سبھاش گپتے بھی ساٹھ کی دہائی میں ٹرینیڈاڈ منتقل ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ، مشہور لسانیات دان پیگی رامسر موہن، جو بعد میں ہندوستان میں بس گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔