یوپی میں بارش کی وجہ سے حالت خراب، کئی اضلاع میں آج اسکول بند

محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کی وارننگ کے پیش نظر ہردوئی، بلند شہر اور آگرہ وغیرہ کے ڈی ایم نے اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے تمام اضلاع میں بارش کی وجہ سے حالات اتنے بگڑ گئے ہیں کہ ندیوں کے پانی کی سطح بڑھنے سے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ موسم کے پیش نظر نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، مراد آباد، بجنور، کانپور، آگرہ، بلند شہر وغیرہ سمیت کئی اضلاع میں پیر کو اسکولوں میں چھٹیوں کا حکم دیا گیا ہے۔

گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے دہلی-این سی آر اور مغربی یوپی کی حالت خراب ہے۔ گلیاں پانی سے بھری ہوئی ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بارشوں سے ابھی تک کوئی راحت نہ ملنے کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اتر پردیش میں آج یعنی 10 اکتوبر کو بھی بارش جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بارش کے الرٹ کے پیش نظر یوپی کے کئی اضلاع میں آج اسکول بند رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کی وارننگ کے پیش نظر ہردوئی، بلند شہر اور آگرہ کے ڈی ایم نے اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔


مختلف اضلاع کے ڈی ایم کے جاری کردہ حکم کے تحت تمام نجی اور سرکاری اسکول بند رہیں گے۔ نوئیڈا میں بارش کے الرٹ کے درمیان، گوتم بدھ نگر کے ڈی ایم سوہاس ایل وائی نے 10 اکتوبر کو کلاس 1 سے 12 تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

وہیں غازی آباد میں بھی ڈی ایم کے حکم پر ضلع اسکول انسپکٹر راجیش کمار شریواس نے پہلی کلاس سے لے کر 12ویں جماعت تک کے تمام اسکولوں میں 10 اکتوبر کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ وہیں بلند شہر انتظامیہ نے دو دن یعنی 10 اور 11 اکتوبر کو اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مسلسل بارش کے باعث جہاں پانی جمع ہونے کی صورتحال ہے وہیں دوسری جانب کئی علاقوں میں بارش کی وجہ سے حادثات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں، ایسے میں انتظامیہ نے بچوں کے لیے چھٹی کا حکم دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔