ڈرائیور کے سینے میں آر پار ہوگیا لوہے کا راڈ، جے پور میں خوفناک سڑک حادثہ سی سی ٹی وی میں قید

ڈیوائیڈر پر لگے جس لوہے کے راڈ نے آنند سنگھ کی جان لے لی وہی راڈ ساتھ بیٹھے شکتی پرتاپ کے بہت قریب سے گزرا لیکن اسے خراش تک نہیں آئی۔ اس منظر نے جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کو حیران کر دیا۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

نواب علی اختر

 راجستھان کی راجدھانی جے پور کے مرلی پورہ علاقے میں جمعرات دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ڈرائیور کی دردناک موت ہوگئی۔ یہاں کے کیڈیا پیلس چوراہے کے قریب تیزرفتارسفید اسکارپیو بے قابو ہوکر ڈیوائیڈرسے ٹکرا گئی۔ حادثے کے دوران ڈیوائیڈر پر لوہے کی ریلنگ کا ایک راڈ گاڑی کے اندر گھس گیا اورڈرائیور کے سینے میں آر پار ہوگیا جبکہ اس کے برابرسیٹ پربیٹھا اس کا دوست معجزاتی طور پر بال بال بچ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ حادثہ جمعرات کی رات تقریباً 3 بجے پیش آیا۔ ٹکراتنی شدید تھی کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور ڈرائیور گاڑی کےاندر ہی پھنس کر رہ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرلی پورہ تھانے کی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکالنے کے لیے کٹرمشین سے لوہے کے راڈ کو کاٹا گیا۔ شدید زخمی ڈرائیورکو فوری طور پرکانوٹیا اسپتال پہنچایا گیا، جہاں علاج کے دوران 28 سالہ آنند سنگھ شیخاوت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔


پولیس کے مطابق متوفی آنند سنگھ کالواڑ روڈ کا رہنے والا تھا۔ حادثے کے وقت آنند کے ساتھ اس کا دوست شکتی پرتاپ بھی موجود تھا۔ جس لوہے کے راڈ نے آنند سنگھ کی جان لے لی وہی راڈ ساتھ بیٹھے شکتی پرتاپ کے بہت قریب سے گزرا لیکن اسے خراش تک نہیں آئی۔ اس منظر نے جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کو حیران کر دیا۔ پورے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے جس میں تیز رفتار کار کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے اور لوہے کا راڈ گاڑی میں گھستے ہوئے صاف نظر آرہا ہے۔

پولیس نے کرین کی مدد سے حادثے کا شکار اسکارپیو کوقبضے میں لے لیا ہے۔ متوفی آنند سنگھ شیخاوت کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والا لوہے کا راڈ ٹریفک سیکورٹی کے لیے لگایا گیا تھا تاہم ٹکر میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ پولیس فی الحال حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور تیز رفتار کو اس حادثے کی اہم وجہ مانا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔