ڈاکٹر غریب مریضوں کے لئے جنرک ادویہ تجویز کریں: جاوڈیکر

پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ سنگین بیماریوں کے علاوہ دیگر بیماریوں کے لئے جنرک ادویات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پونے: مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے اتوار کے روز کہا کہ ڈاکٹروں کو غریب لوگوں کی مدد کے لئے جنرک ادویات تجویز کرنی چاہیے۔ پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ سنگین بیماریوں کے علاوہ دیگر بیماریوں کے لئے جنرک ادویات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ پونے میں تیسر ے جن اوشدی دیوس کے موقع پر پرکاش جاوڈیکر نے ملک میں جنر ک ادویات کے زیادہ استعمال کو فروغ دینے کی سمت میں ڈاکٹروں کے لئے ایک مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔

مرکزی وزیر نے یہاں کوتھروڑ میں پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدی سینٹر کا دورہ کیا اور شیلونگ سے وزیر اعظم کے براہ راست ٹیلی کاسٹ میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور مستفیدین سے جن اوشدی مرکز میں بات چیت کی۔ پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا کی سب سے بڑی ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کی ہے جو 50 کروڑ ہندوستانیوں کے لئے مددگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں جن اوشدی سینٹروں میں مارکیٹ کے مقابلے میں 60 سے 70 فیصد کم ہیں۔ جہاں 500 سے زائد ادویات کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے تحت دل میں اسٹینٹ لگوانے اور گھٹنے کو تبدیل کرنے جیسے بڑے آپریشن بہت کم قیمت پر کرا سکتے ہیں۔ اس اسکیم نے ادویات کی لاگت کو اتنا کم کردیا ہے کہ لوگ اسے مودی کی سستی ادویات کی دکان بھی کہتے ہیں۔

پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ اس اسکیم کو 100 مراکز میں شروع کیا گیا تھا اور اب ا س کے مراکز کی تعداد بڑھ کر 500 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنے باشندوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ ملک میں اب 50 ہزار فلاحی مراکز ہیں جو یوگ اور دیگر مشقوں کی تربیت فراہم کر ر ہے ہیں، جن کی تعداد جلد ہی بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ہوجائے گی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کی وجہ سے جنرک ادویات اب مختلف مقامات پر دستیاب ہیں اور لوگ اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔