ممتا بنرجی نے عوام کے اعتماد کو توڑا ہے، سونار بنگلہ کا خواب ہم پورا کریں گے: مودی

نریندر مودی نے کہا کہ ممتا بنرجی نے ریاست میں تبدیلی لانے کا جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے اور اعتماد کو توڑا ہے۔

نریندر مودی، تصویر یو این آئی
نریندر مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: وزیرا عظم نریندر مودی نے آج بنگال میں اسمبلی انتخابات کے لئے مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ممتا بنرجی کی سخت تنقید کی اور کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو ’’ہم سونار بنگلہ‘‘ کی تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے ریاست میں تبدیلی لانے کا جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے اور اعتماد کو توڑا ہے۔

وزیرا عظم نریندر مودی نے کلکتہ کے بریگیڈ میدان میں بی جے پی کی عظیم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سونار بنگلہ ‘‘ کا خواب پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں بنگال کی ترقی، سرمایہ کاری، بنگال کے ثقافت کی حفاظت اور تبدیلی کو یقینی بنانے کا وعدہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 25 سال بنگال کے لئے بہت ہی اہم ہیں جب ہندوستان 100واں یوم آزادی منائے گا اس وقت بنگال ملک کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں جمہوریت تباہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام میں پولیس اور انتظامیہ کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ لوگوں کے اعتماد کو بحال کریں گے۔ اقربا پروری اور خاندانی حکمرانی کا سلسلہ ختم کیا جائے گا۔


ممتا بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ لوگوں نے دیدی کو منتخب کیا تھا مگر دیدی نے بھتیجے کو تھوپ دیا۔ بنگال کے عوام آپ سے صرف ایک ہی سوال پوچھ رہے ہیں کہ ریاست کے معاملات وزیر اعلیٰ کے بھتیجے کیوں چلا رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ تشدد کی وجہ سے ریاست کی ترقی روک چکی ہے، ممتا بنرجی ماں، ماٹی اور مانش کے نام تشدد پھیلا رہی ہیں۔ سڑکوں اور گھروں میں ماؤں پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں، ایک 80 سالہ والدہ پر ڈھائے جانے والے ظلم نے پورے ملک کو اپنا ظالمانہ چہرہ دکھایا ہے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ لوگ اب بی جے پی کو وٹ دیں گے، انہوں نے کہا کہ تولا بازی اور سنڈیکٹ کا راج ختم کرکے دم لیں گے۔ ممتا بنرجی کے دور اقتدار میں گھوٹالے کی وجہ سے ریاست کی ترقی روک گئی ہے۔ وزیر اعظم نے ممتا بنرجی کے نندی گرام سے انتخاب لڑنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی اسکوٹی بھوانی پور میں نندی گرام کی طرف موڑی لی ہے۔ اگر دیدی کی اسکوٹی کا گرنا نندی گرام میں ہی مقصود ہے تو میں کیا کرسکتا ہوں۔ خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ ہفتے اسکوٹی کے ذریعہ تیل کے بڑھتے ہوئے دام کی مخالفت کی تھی۔


مودی نے کہا کہ ممتا بنرجی نے ریاست میں علیحدہ پسند طاقتوں کی پرورش کی ہے۔ مذہبی بنیاد پر تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہرطرف کمل کھل رہا ہے اور امید ہے کہ بنگال میں بھی کمل کھلے گا۔ خیال رہے کہ بنگال میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد مودی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ 294 نشستوں والی اسمبلی کے انتخابات آٹھ مرحلوں میں 27 مارچ سے 29 اپریل تک ہونے والے ہیں اور اس کے نتائج 2 مئی کو اعلان کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */