چنئی: کروناندھی کی طبیعت بگڑی، کاویری اسپتال میں داخل

دیر رات کرناندھی کی طبیعت بگڑنے کی خبر ملنے پر ان کے بیٹے اور ڈی ایم کے کی کمان سنبھال رہے کارگذار صدر ایم کے اسٹالن، بیٹی ایم کنی موجھی اور ان کے نجی ڈاکٹر گوپال رائے ان کے گھر پہنچے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چنئی: ڈراوڈ منیتر كشگم (ڈی ایم کے) کے صدر اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی ایم کروناندھی کی طبیعت آدھی رات میں بگڑنے کے بعد ہفتہ کی صبح کاویری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کروناندھی طویل مدت سے بخار اور پیشاب میں انفیکشن میں مبتلا ہیں۔

دیر رات گئے ان کی طبیعت بگڑنے کی خبر ملنے پر ان کے بیٹے اور ڈی ایم کے کی کمان سنبھال رہے کارگزار صدر ایم کے اسٹالن، بیٹی ایم کنی موجھی اور ان کے نجی ڈاکٹر گوپال رائے ان کے گھر پہنچے۔

گوپال پورم میں واقع ان کے گھر پر گزشتہ دو دنوں سے ان کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کے مشورہ کے بعد 94 سالہ کروناندھی کو بہتر علاج کے لئے ہفتہ کی صبح تقریباً ڈیڑھ بجے کاویری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بلڈ پریشر میں کمی کی وجہ سے اور ڈاکٹروں کے مشورہ پر انہیں اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔

کروناندھی کے نجی ڈاکٹر گوپال کا کہنا ہے کہ ’’ایم کروناندھی کی طبعیت اچانک بگڑنے پر انہیں کاویری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کروناندھی کی حالت سنجیدہ ہے اور ان کا بلڈ پریشر کافی کم ہو گیا تھا۔ کروناندھی کی حالت بگڑنے کی اطلاع ملتے ہی ان کے ہزارں شیدائی اسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔

قبل ازیں جمعہ کی شام کو ایم کے اسٹالن نے ان کی طبعیت بگڑنے کی بات کو افواہ قرار دیا تھا۔ اسٹالن نے ایک بیان جاری کر کے پارٹی کارکنان سے اپیل کی تھی کہ وہ کروناندھی کی صحت کے حوالہ سے پھیلائی جا رہی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ کروناندھی کی حالت میں لگاتار بہتری آ رہی ہے اور بخار اور انفیکشن میں کچھ راحت ملی ہے۔ اسپتال نے میڈیکل بلیٹن جاری کر کے کہا کہ صوبہ کے سابق وزیر اعلیٰ کو ضعیفی سے متعلق پریشانیوں کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔