دیوالی، پٹاخہ، آلودگی: آئیے نظر ڈالتے ہیں کچھ ریاستوں میں نافذ پابندیوں اور اصول و ضوابط پر

ہریانہ میں بھی اس مرتبہ کی دیوالی بغیر پٹاخوں کے گزرے گی، دراصل ہریانہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے بھی ریاست میں پٹاخہ بنانے، فروخت کرنے اور پٹاخہ جلانے پر پابندی لگا دی ہے۔

ُپٹاخے، تصویر یو این آئی
ُپٹاخے، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مٹھائی اور پٹاخوں کے تہوار ’دیوالی‘ پر اس بار کچھ ریاستوں میں پٹاخوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کی وجہ ہے بڑھتی فضائی آلودگی۔ یعنی ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کے پیش نظر پٹاخے پھوڑنے ہی نہیں، اس کی خرید و فروخت پر بھی کچھ علاقوں میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کچھ ریاستوں میں اس دیوالی پر لگی پابندیوں اور اصول و ضوابط پر۔

دہلی:

راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی حکومت انتہائی محتاط ہے۔ دہلی حکومت نے راجدھانی میں پٹاخے جلانے اور خریدنے کو لے کر نئے اصول و ضوابط کی جانکاری دی ہے۔ وزیر ماحولیات گوپال رائے نے بتایا کہ دہلی میں پٹاخے خریدنے اور جلانے پر 200 روپے کا جرمانہ اور 6 ماہ کی قید ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں پٹاخے بنانے، جمع کرنے اور فروخت کرنے والوں کو تین سال قید اور 5000 روپے تک جرمانہ دینا پڑ سکتا ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ دیوالی کے پیش نظر دہلی میں پٹاخوں پر پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کے لیے مجموعی طور پر 408 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔


پنجاب:

حکومت پنجاب نے اس ریاست میں آلودگی کی سطح کو بڑھنے سے بچانے کے لیے دیوالی اور گرو پرو پر پٹاخوں کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے جاری گائیڈلائنس میں کہا گیا ہے کہ دیوالی اور گرو پرو پر صرف گرین پٹاخوں کے استعمال کی ہی اجازت ہوگی۔ پنجاب میں دیوالی اور گرو پرو کے موقع پر رات 8 بجے سے 10 بجے تک گرین پٹاخے پھوڑنے کی اجازت ہوگی۔ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ منڈی گوبند گڑھ اور جالندھر میں پٹاخے جلانے پر پوری طرح سے پابندی ہے۔ اس سے قبل چنڈی گڑھ اور ہریانہ میں بھی پٹاخے جلانے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔

ہریانہ:

ہریانہ میں بھی اس مرتبہ کی دیوالی بغیر پٹاخوں کے گزرے گی۔ دراصل ہریانہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے بھی ریاست میں پٹاخہ بنانے، فروخت کرنے اور پٹاخہ جلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی اگلے حکم تک جاری رہے گی۔ حالانکہ ریاست میں گرین پٹاخے جلانے کی اجازت ہے۔ آلودگی کنٹرول بورڈ نے ریاست میں پٹاخہ پر پابندی کو لے کر سبھی ضلع ڈپٹی کمشنر کو خط لکھا ہے اور حکم پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آلودگی کنٹرول بورڈ کا کہنا ہے کہ اکتوبر ماہ سے جنوری کے درمیان ریاست میں آلودگی کی سطح کافی بڑھ جاتی ہے۔ اس آلودگی کی وجہ سے بچوں و بزرگوں کو سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس تہوار میں پٹاخوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔


مغربی بنگال:

مغربی بنگال میں بھی گرین پٹاخے کا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور دیگر پٹاخوں کے استعمال، فروخت کرنے یا پھر جمع کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہاں جاری کیے گئے اصولوں کے مطابق اس ریاست میں کالی پوجا اور دیوالی کے دن رات 8 بجے سے 10 تک پٹاخے جلائے جا سکتے ہیں۔ چھٹھ پوجا کے دن صبح 6 بجے سے 8 بجے تک پٹاخے جلائے جا سکیں گے۔

تمل ناڈو:

تمل ناڈو میں بھی ہوا کا معیار خراب ہو رہا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے دیوالی کے دن صرف دو گھنٹے تک پٹاخہ جلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس ریاست میں گزشتہ چار سالوں سے پٹاخہ جلانے کے لیے دو گھنٹے کا وقت ہی دیا جاتا ہے۔ ضابطے کے مطابق صبح 6 بجے سے 7 بجے تک، اور رات 7 بجے سے 8 بجے تک پٹاخوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔