این سی پی اجیت پوار گروپ میں خلفشار، نئی قومی مجلس عاملہ سے سینئر رہنماؤں کی چھٹی پر سنیترا پوار کی صفائی

سنیترا پوار نے کہا کہ این سی پی عہدیداران کی فہرست میں تکنیکی خامی ہے، جسے جلد ہی ٹھیک کر لیا جائے گا۔ میڈیا میں خط وائرل ہونے کے بعد رات 1 بج کر 5 منٹ پر سنیترا نے اس پوے معاملے پر اپنی صفائی دی۔

<div class="paragraphs"><p>سنیترا پوار، تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;@SunetraA_Pawar</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

مہاراشٹر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ آنجہانی اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی نئی قومی مجلس عاملہ نے مہاراشٹر کی سیاست میں نئی کھلبلی مچا دی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو سونپی گئی فہرست میں پارٹی کے کئی پرانے اور با اثر لیڈروں کے نام غائب ہیں جس کے بعد سیاسی حلقوں میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ پرفل پٹیل، چھگن بھجبل اور سنیل تٹکرے جیسے سینئر لیڈروں کو نئی مجلس عاملہ میں جگہ نہیں ملی ہے، جس سے یہ سوال اٹھنے لگے ہیں کہ کیا پارٹی اب طاقت کے نئے مرکز کی طرف بڑھ رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پارٹی کی نئی قومی مجلس عاملہ کی فہرست 29 اپریل 2026 کو الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی تھی۔ اس فہرست کے سامنے آنے کے بعد یہ بحث تیز ہوگئی ہے کہ کیا پارٹی اب تنظیم میں بڑی تبدیلی کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ صرف معمولی رد وبدل نہیں بلکہ پارٹی کے اندر طاقت کے نئے مرکز کے ابھرنے کا اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔


سب سے زیادہ بحث پرفل پٹیل کے حوالے سے ہوری ہے۔ طویل عرصہ تک پارٹی کے قومی سطح پر اہم پالیسی ساز مانے جانے والے پٹیل کا نام فہرست سے باہر ہونے پر کئی لیڈر اور سیاسی ماہرین حیران رہ گئے ہیں۔ اجیت پوار کے ساتھ سیاسی لڑائی کے دور میں پرفل پٹیل کو ان کے سب سے بھروسے مند ساتھیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ایسے میں انہیں نئی ٹیم میں جگہ نہیں ملنے کے حوالے سے پارٹی کے اندر بڑی تبدیلی کی بحث تیز ہوگئی ہے۔

نئی فہرست میں مہاراشٹر کی سیاست کے دیگر بڑے چہروں کو بھی جگہ نہیں ملی ہے۔ پارٹی کا پارلیمانی چہرہ مانے جانے والے سنیل تٹکرے کو جنرل سکریٹری عہدے سے باہر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھگن بھجبل، حسن شراف اور دلیپ ووٹھسے پاٹل جیسے تجربہ کار لیڈروں کے نام بھی قومی مجلس عاملہ میں شامل نہیں ہیں۔ تازہ تبدیلیوں کے حوالے سے مانا جارہا ہے کہ پارٹی اب نئی نسل اور نئے  سیاسی جغرافیے پر توجہ مرکوز کر نا چاہتی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ تنظیم میں نوجوان اور نئے چہروں کو آگے لانے کی حکمت عملی کے تحت یہ بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ این سی پی کی نئی قومی مجلس عاملہ کی فہرست سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔


حالانکہ نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے ایک پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ اس نئی قومی مجلس عاملہ کی فہرست میں تکنیکی غلطی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں چل رہی این سی پی عہدیداران کی فہرست میں ایک تکنیکی خامی ہے، جسے جلد ہی ٹھیک کر لیا جائے گا۔ فہرست میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد رات 1 بج کر 05 منٹ پر سنیترا پوار نے پوسٹ کرکے اس پوے معاملے پر اپنی صفائی دی۔

دراصل این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے ذریعہ 29 اپریل کو الیکشن کمیشن کو قومی مجلس عاملہ اور اس کے کام کاج کے سلسلے میں لکھا گیا خط میڈیا میں وائرل ہو رہا ہے۔ اس خط میں قومی صدر سنیترا پوار کےساتھ ساتھ  پارتھ  پوار اور جے پوار کو بھی جنرل سکریٹری کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس فہرست میں پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کے نام قومی مجلس عاملہ سے باہر رکھے گئے ہیں جس کے بعد یہ معاملہ سرخیوں میں آگیا اور اس پر کئی طرح کی قیاس آرائیاں ہونے لگیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔