امت شاہ کے ذریعہ مدھیہ پردیش میں کی گئی تقریر میں موجود ’8 جھوٹ‘ سے دگ وجئے سنگھ نے اٹھایا پردہ!

دگ وجئے سنگھ کا کہنا ہے کہ کھلچی پور کی تقریر میں امت شاہ نے 17 بار میرا نام لیا، اس محبت کا شکریہ، لیکن جو جھوٹ بولنے کی قدریں ان کے گرو نریندر مودی نے سکھائی ہیں وہ ان کی تقریر میں 8 بار نظر آئیں۔

<div class="paragraphs"><p>دگ وجئے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دگ وجئے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گزشتہ روز مدھیہ پردیش کے ضلع راج گڑھ واقع کھلچی پور میں انتخابی تشہیر کے دوران ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران کی گئی ان کی تقریر پر کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجئے سنگھ نے آج زوردار حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انکشاف کیا ہے کہ امت شاہ نے اپنی تقریر کے دوران 8 بڑے جھوٹ بولے ہیں۔

دگ وجئے سنگھ نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کل کھلچی پور کے جلسہ میں امت شاہ جی نے اپنی تقریر میں 17 بار میرا نام لیا۔ یہ میرے تئیں ان کی بے پناہ محبت کو ظاہر کرتا ہے۔ میں ان کا شکرگزار ہوں۔ لیکن جو جھوٹ بولنے کی قدریں ان کے گرو نریندر مودی نے انھیں سکھائی ہیں، وہ ان کی تقریر میں 8 بار نظر آئیں۔‘‘ اس کے بعد دگ وجئے نے نہ صرف امت شاہ کے 8 بیانوں کا تذکرہ کیا ہے، بلکہ ان بیانوں کو جھوٹ بتاتے ہوئے سچائی پیش کر اس پر سے پردہ بھی اٹھایا ہے۔ آئیے نیچے دیکھتے ہیں کہ دگ وجئے سنگھ نے امت شاہ کے کون سے 8 بیان کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے اور کیا سچائی پیش کی ہے۔


امت شاہ جی کے 8 جھوٹ

1- امت شاہ کا جھوٹ: دگ وجئے سنگھ کے مشورہ سے راہل گاندھی نے انتخابی منشور میں مسلم پرسنل لون ڈالا۔

سچائی: کانگریس کے انتخابی منشور میں کوئی مسلم پرسنل لون نہیں ہے۔

2- امت شاہ کا جھوٹ: دگ وجئے سنگھ نے بھگوا دہشت گردی کہا۔

سچائی: میں نے کبھی بھگوا دہشت گردی لفظ کا استعمال نہیں کیا۔

3- امت شاہ کا جھوٹ: دگ وجئے سنگھ نے افضل گرو کی پھانسی کی مخالفت کی۔

سچائی: میں نے افضل گرو کی پھانسی کو جلد کروانے کے لیے خط لکھا تھا کہ افضل گرو کو جلد پھانسی دی جائے۔

4- امت شاہ کا جھوٹ: دگ وجئے سنگھ نے پی ایف آئی پر پابندی لگانے کی مخالفت کی۔

سچائی: میں نے کبھی پی ایف آئی پر پابندی کی مخالفت نہیں کی، بلکہ سیمی پر سب سے پہلے پابندی میری ہی حکومت نے لگائی تھی۔

سچائی: بی جے پی نے پی ایف آئی کی سیاسی یونٹ کے ساتھ کرناٹک میں اتحاد کر کے لوکل الیکشن لڑا۔

5- امت شاہ کا جھوٹ: دگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کورونا کا ٹیکہ مت لگاؤ۔

سچائی: میں نے کبھی بھی کورونا کا ٹیکہ نہ لگانے کی اپیل نہیں کی۔

6- امت شاہ کا جھوٹ: کورونا وبا میں سیاست کی۔

سچائی: جب راج گڑھ ضلع کے لوگ آکسیجن اور سلنڈر کے لیے پریشان ہو رہے تھے تب میں نے دہلی سے آکسیجن سلنڈر بھیج کر علاج کا انتظام کرایا۔

7- امت شاہ کا جھوٹ: میڈیکل کالج ہم نے دیا۔

سچائی: ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی، جئے وردھن سنگھ جی انچارج وزیر تھے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ سے راج گڑھ ضلع میڈیکل کالج کی تجویز مرکزی حکومت کو بھجوائی۔

8- امت شاہ کا جھوٹ: بھوپال رام گنج منڈی ریلوے لائن کے لیے ہم نے 2000 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی۔

سچائی: 01-2000 تجویز کی منظوری کا سال تھا، اس وقت ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی۔ لاگت 2000 کروڑ روپے نہیں امت شاہ جی، اس وقت 3032 کروڑ روپے رکھی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔