کیا کانگریس نے مودی حکومت کا ڈاٹا سامنے رکھ کر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو غلط ثابت کر دیا؟
پروفیشنلز کانگریس اور ڈاٹا اینالیٹکس کے چیئرمین نے سوال کیا ہے کہ ایسا کیسے ہوا کہ مہاراشٹر میں کُل اہل ووٹرس کی تعداد نریندر مودی حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق کُل بالغ آبادی سے زیادہ معلوم ہوتی ہے۔

پروفیشنلز کانگریس اور ڈاٹا اینالیٹکس کے چیئرمن پروین چکرورتی، تصویر@pravchak
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے 7 جنوری کو جب دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا تو مہاراشٹر و ہریانہ اسمبلی انتخاب میں بے ضابطگی کے الزامات اور سوالات پر اپنا جواب بھی تفصیل سے پیش کیا تھا۔ ووٹرس کی فہرست سے نام ہٹانے یا نیا نام جوڑنے کے بارے میں بھی انھوں نے کہا تھا کہ یہ انتہائی مضبوط اور شفاف عمل ہے۔ اس سلسلے میں آج کانگریس نے مودی حکومت کا ڈاٹا سامنے رکھ کر راجیو کمار کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔
پروفیشنلز کانگریس اور ڈاٹا اینالیٹکس کے چیئرمین پروین چکرورتی نے آج ایک بیان جاری کیا ہے جس میں مہاراشٹر اسمبلی انتخاب سے متعلق کچھ حقائق سامنے رکھے ہیں۔ انھوں نے ریاست میں بالغ شہریوں کا سرکاری ڈاٹا پیش کیا ہے جو کہ ریاست میں ووٹرس کی کُل تعداد سے بہت کم ہے۔ یہ ڈاٹا پیش کرتے ہوئے پروین چکرورتی نے سوال کیا ہے کہ ’’اگر یہ (نام ہٹانے یا جوڑنے) عمل اتنا ہی مضبوط ہے تو پھر ایسا کیسے ہوا کہ مہاراشٹر میں کُل اہل ووٹرس کی تعداد نریندر مودی حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق، کُل بالغ (18 سال سے زائد عمر والی) آبادی سے زیادہ معلوم ہوتی ہے؟‘‘
پروین چکرورتی کا کہنا ہے کہ راجیو کمار کو بڑی بڑی باتیں کرنے کی جگہ اصلاح سے متعلق اقدام کرنے چاہئیں، کیونکہ یہی ہندوستانی جمہوریت کے مفاد میں ہوگا۔ دراصل راجیو کمار نے ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے 7 جنوری کو منعقد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مکمل دستاویزات فراہم کرنے، موقع پر پہنچ کر کی گئی تصدیق اور متعلقہ شخص کو سماعت کا موقع دیے بغیر کوئی نام نہیں ہٹایا جا سکتا۔ اسی بیان کو پروین چکرورتی نے مودی حکومت کا ڈاٹا سامنے رکھ کر غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے چیف الیکشن کمشنر کے سامنے یہ سوال داغ دیا ہے کہ ’’کیا الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے مجموعی بالغ آبادی سے زیادہ ووٹرس کا رجسٹریشن کیا؟‘‘ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے صرف 4 ماہ میں تقریباً 50 لاکھ نئے ووٹرس کا اضافہ ہوا۔
کانگریس لیڈر پروین چکرورتی نے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2024 میں مہاراشٹر میں 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی تعداد 9.54 کروڑ ہونے کا اندازہ ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخاب کے لیے کُل 9.7 کروڑ ووٹرس کا رجسٹریشن کیا۔ چکرورتی کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے الیکشن کمیشن نے 16 لاکھ زائد ووٹرس کا رجسٹریشن کیا۔ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ملک کی جمہوریت کے مفاد میں یہ ضروری ہے کہ ووٹرس کے بھروسہ کو مضبوط کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر بڑی بڑی باتیں کرنے اور شاعری کرنے کی جگہ تلخ حقائق کا اعتراف کریں۔ انھیں چاہیے کہ وہ ایک ذمہ دار عوامی خدمت گار کی شکل میں اصلاحی قدم اٹھائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔