ڈیرا چیف گرمیت رام رحیم کی ’فرلو‘ ختم، سخت سیکورٹی میں پہنچے سناریا جیل

گرمیت رام رحیم کو گزشتہ 7 فروری کو تین ہفتہ کی فرلو دی گئی تھی تاکہ وہ گروگرام میں اپنے گھر والوں سے ملاقات کر سکیں۔

گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
گرمیت رام رحیم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اپنی دو خاتون مریدوں سے عصمت دری کے معاملے میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہے ڈیرا سچا سودا چیف گرمیت رام رحیم کو تین ہفتہ قبل ’فرلو‘ پر جیل کی زنجیروں سے چھٹکارا ملا تھا، اب اس کی مدت ختم ہو گئی ہے اور انھیں سخت سیکورٹی میں ایک بار پھر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔ پیر کے روز روہتک کی سناریا جیل میں وہ واپس پہنچے۔ روہتک کے ایک پولیس افسر نے کہا کہ ڈیرا چیف کو گروگرام سے سخت سیکورٹی کور کے تحت دوپہر سے پہلے روہتک ضلع کی سناریا جیل لایا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے اسے 2017 میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ گرمیت رام رحیم کو گزشتہ 7 فروری کو تین ہفتہ کی فرلو دی گئی تھی تاکہ وہ گروگرام میں اپنے گھر والوں سے ملاقات کر سکیں۔ افسران کے مطابق ڈیرا چیف کو 21 دن کے فرلو کے دوران خالصتان حامی عناصر سے جان کو سنگین خطرے کے مدنظر زیڈ پلس سیکورٹی بھی دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں کافی بیان بازی بھی ہوئی تھی اور رام رحیم نے کافی سرخیاں بٹوری تھیں۔


گرمیت رام رحیم کی فرلو پنجاب اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخاب سے پہلے منظور کی گئی تھی۔ ان کے مریدوں کی تعداد بھٹنڈا، سنگرور، پٹیالہ اور مکتسر میں بہت زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیت رام رحیم کے جیل سے باہر آتے ہی سیاست گرما گئی تھی۔ کئی پارٹیوں نے اس فرلو کو پنجاب انتخاب سے جوڑتے ہوئے سوال اٹھائے تھے۔ حالانکہ ہریانہ کہ وزیر برائے جیل نے ان الزامات کو خارج کیا تھا اور کہا تھا کہ فرلو کسی بھی قیدی کو ضابطے کے مطابق دی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔