محرم کے موقع پر تعزیہ داری کی اجازت کے مطالبہ نے پکڑا زور

کورونا وبا کے پیش نظر بیشتر ریاستوں میں تعزیہ داری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس درمیان خادموں کی ایک جماعت نے اجمیر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پہنچ کر ضلع کلکٹر سے تعزیہ نکالے جانے کا پرزور مطالبہ کیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں محرم کے موقع پر تعزیہ نکالنے کی انتظامی اجازت کا مطالبہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ خادموں کی ایک جماعت نے آج اجمیر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پہنچ کر ضلع کلکٹر پرکاش راج پروہت سے تعزیہ نکالے جانے کا پرزور مطالبہ کیا۔ٹیم کی قیادت کررہے سید عمران چشتی نے کہا کہ اس وقت اسلامک غموں اور شہادت کا مہینہ چل رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ 400-500 سال سے چلی آرہی روایت کے تحت انتظامیہ رسم ادائیگی کے ضمن میں تعزیہ محرم کی 9،8 اور 10 تاریخ کو نکالنے کی اجازت مہیا کرے۔

سید عمران چشتی نے بتایا کہ ضلع کلکٹر نے ان کی بات سنی اور مطالبے کو ریاستی حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ ان کی اس بات کو تسلیم کرلیتی ہے تو احتجاج ومظاہرہ کی نوبت نہیں آئے گی، ورنہ کثیر تعداد میں لوگ احتجاجی مظاہرہ کے لیے باہر نکلیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کو بھی کورونا کے سبب پابندی سے خفا خادموں نے درگاہ کے نظام گیٹ کے باہر مظاہرہ کیا تھا اور اجازت نہ دینے کی صورت میں دھرنہ دیے جانے کا انتباہ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔