زمین کے بدلے نوکری معاملہ: لالو، تیجسوی، رابڑی دیوی سمیت 6 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے لالو یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی مستقل درخواست ضمانت منظور کر لی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بہار کے سابق وزیر اعلی لالو یادو اور ان کے خاندان کو لینڈ فار جاب (نوکرے کے بدلے زمین) معاملہ میں بڑی راحت ملی ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے لالو یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی مستقل درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ لالو اور رابڑی سمیت لینڈ فار جاب کیس کے چھ ملزمان نے عدالت میں ضمانت کی درخواست دی تھی، اسے قبول کرتے ہوئے عدالت نے تمام 6 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

اس معاملے میں لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ اور بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو اور بیٹی راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی ملزم ہیں۔ سی بی آئی اور ای ڈی کی جانچ جاری ہے۔ 22 ستمبر کو ہی دہلی کی ایک عدالت نے لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو، رابڑی دیوی اور میسا بھارتی کے علاوہ 14 ملزمان کو سمن جاری کیا تھا۔


لالو یادو کے ساتھ نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، راجیہ سبھا کی رکن میسا بھارتی بھی عدالت پہنچے تھے۔ اس دوران راجیہ سبھا ایم پی منوج جھا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ سماعت سے قبل لالو پرساد یادو نے صحافیوں سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اس لیے وہ کسی چیز سے نہیں ڈرتے۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن یعنی سی بی آئی نے حال ہی میں دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس میں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی، میسا بھارتی اور تیجسوی یادو کو نوکری کے بدلے زمین کیس میں ملزم بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نامعلوم سرکاری ملازمین سمیت کئی اور لوگوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ الزام ہے کہ لالو پرساد یادو نے 2004 اور 2009 کے درمیان ریلوے کے وزیر رہتے ہوئے ریلوے میں گروپ ڈی کی نوکریوں کے بدلے بطور رشوت اراضی حاصل کی اور اس کا اندراج اپنے خاندان کے نام پر کرایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔