ریکھا گپتا کی آج وزیر اعلیٰ دہلی کے طور پر حلف برداری، 6 وزرا بھی لیں گے عہدے کا حلف

ریکھا گپتا آج دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر رام لیلا میدان میں حلف اٹھائیں گی۔ ان کے ساتھ 6 وزرا بھی حلف لیں گے۔ سکیورٹی سخت، وزیر اعظم مودی سمیت کئی اہم شخصیات کی شرکت متوقع

<div class="paragraphs"><p>ریکھا گپتا / آئی اے این ایس</p></div>

ریکھا گپتا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: شالیمار باغ سے نومنتخب رکن اسمبلی ریکھا گپتا آج بطور وزیر اعلیٰ دہلی رام لیلا میدان میں حلف لینے جا رہی ہیں۔ وہ دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ ان سے پہلے سشما سوراج، شیلا دکشت اور آتشی یہ عہدہ سنبھال چکی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگی، جس میں نائب گورنر وی کے سکسینہ وزیر اعلیٰ اور ان کے وزرا کو عہدے کا حلف دلائیں گے۔

ریکھا گپتا کے ساتھ 6 دیگر وزرا بھی حلف لیں گے جن میں پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندراج سنگھ، کپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ شامل ہیں۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

رام لیلا میدان میں اس تقریب کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ این ایس جی کمانڈوز، دہلی پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے دستے تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں 25 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ نیم فوجی دستوں کی 15 سے زائد کمپنیاں بھی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔


اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزرا، بی جے پی اور این ڈی اے کے زیر حکومت ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔

بدھ کی شام منعقدہ بی جے پی کے اسمبلی ممبران کی میٹنگ میں ریکھا گپتا کو وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات چیت کے دوران ریکھا گپتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’یہ صرف میرا اعزاز نہیں بلکہ ہر ماں اور بیٹی کا فخر ہے۔ دہلی کے عوام کے لیے پی ایم مودی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانا میری اولین ترجیح ہوگی۔‘‘

ریکھا گپتا نے شالیمار باغ اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کی بندنا کماری کو 29595 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ 8 فروری کو دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں بی جے پی نے 26 سال بعد کامیابی حاصل کی۔ پارٹی نے 70 میں سے 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ عام آدمی پارٹی 22 نشستوں تک محدود رہی۔

بی جے پی کی اس بڑی کامیابی کے بعد، ریکھا گپتا کی بطور وزیر اعلیٰ تقرری کو پارٹی کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس سے دہلی کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔