دہلی کے سرکاری اسکولوں کو ملیں گے 363 نئے پرنسپل

دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے یو پی ایس ای کے چیئرمین کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے پرنسپلوں کے انتخاب کے لیے استعمال کیے جانے والے 6 مضامین کے علاوہ مزید 5 قابلیت پر توجہ دینے کو کہا ہے۔

اسکول، تصویر آئی اے این ایس
اسکول، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے سرکاری اسکولوں میں پرنسپل کی 363 آسامیوں کے لیے انتخاب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تقریباً ایک دہائی کے بعد دہلی میں یو پی ایس سی کے ذریعے پرنسپلوں کی براہ راست بھرتی کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل پرنسپلوں کے پچھلے بیچ نے 2012 میں اپنا تحریری امتحان دیا تھا اور 2015 میں ان کی تعیناتی اسکولوں میں ہوئی تھی۔ 2010 میں شروع ہونے والا یہ بھرتی کا عمل 2015 میں مکمل ہوا۔ اس سلسلے میں دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے یو پی ایس ای کے چیئرمین کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے پرنسپلوں کے انتخاب کے لیے استعمال کیے جانے والے 6 مضامین کے علاوہ مزید 5 قابلیت پر توجہ دینے کو کہا ہے۔

پرنسپلوں کے انتخاب کے لیے یو پی ایس سی کی طرف سے تحریری امتحان 300 نمبروں کا ہوتا ہے اور اس کے مجموعی نتیجہ میں 75 فی صد ویٹج ہوتا ہے۔ یو پی ایس سی 6 مضامین پر پرنسپل کے امیدوار کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ ان میں جنرل نالج، عصری سماجی، اقتصادی اور ثقافتی مسائل، ہندی اور انگریزی زبان کی مہارت، استدلال کی اہلیت اور ضروری اہلیت، تعلیمی پالیسیاں اور تعلیمی پیمائش اور تشخیص، انتظام اور مالیاتی انتظامیہ، دفتری کام کے طریقہ کار شامل ہیں۔


منیش سسودیا نے یو پی ایس سی کو پرنسپلوں کے انتخاب کے عمل کے لیے مزید 5 نکات پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا، ان میں ہر بچے پر یقین اور اس کی سیکھنے کی صلاحیت، دہلی کی ثقافت اور تنوع کا احترام، دہلی کے زمینی حقائق کو سمجھنا، حوصلہ افزائی کرنے کی صلاحیت اور اساتذہ کی رہنمائی، تحقیق پر مبنی ذہنیت، ہمیشہ پڑھنے و سیکھنے کے لئے تیار رہنا۔ سسودیا نے کہا کہ یو پی ایس ای کو پرنسپلوں کے انتخاب کے دوران ان تمام نکات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کیونکہ پرنسپل نہ صرف اکیڈمک ایڈمنسٹریٹر ہوتے ہیں بلکہ وہ ایک اسکول لیڈر کا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔ ایسے میں ایک پرنسپل کے اندر ان تمام خوبیوں کا ہونا بہت ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔