امرناتھ یاترا پر گئے دہلی فسادات کے ملزم کو دہلی کی عدالت نے لگائی پھٹکار، 5 ہزار روپے کا جرمانہ عائد

مجسٹریٹ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ملزم پر 5000 روپے کا جرمانہ عائد کیا اور ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزم سے پوچھا ہے کہ اس حرکت کے لیے کیوں نہ اس کی ضمانت کو رد کر دیا جائے۔

عدالت، علامتی تصویر آئی اے این ایس
عدالت، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

2020 میں پیش آئے دہلی فسادات کے معاملے پر سماعت کرتے ہوئے آج دہلی کی ایک عدالت نے سونو نامی ملزم پر 5000 روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ معاملے کی سماعت سے متعلق تاریخ پہلے سے طے تھی اور سبھی ملزمین کو لازمی طور پر حاضر رہنے کو کہا گیا تھا، پھر بھی سونو کی غیر موجودگی ناقابل فراموش ہے۔ عدالت نے ملزم (کے وکیل) کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ سماعت کی تاریخ مقرر ہونے کے باوجود ملزم امرناتھ یاترا پر نکل گیا اور عدالت کو اس کی خبر تک نہیں دی، یہ رویہ قطعی مناسب نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے ملزم پر 5000 روپے کا جرمانہ تب عائد کیا، جب سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے اس کی پیشی سے چھوٹ کی عرضی لگائی۔ ملزم سونو گوکل پوری تھانہ حلقہ میں ہوئے فساد میں ملزم ہے اور اس وقت اس کے کیس میں ٹرائل چل رہا ہے۔


واضح رہے کہ سی اے اے-این آر سی کے خلاف 2020 میں شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں فساد ہو گیا تھا۔ اسی معاملے میں ایک مقدمہ گوکل پوری تھانہ پولیس نے درج کیا تھا۔ اس کیس میں مجموعی طور پر چھ ملزمین ہیں۔ بدھ کے روز اس معاملے میں ایڈیشنل سیشن جج پلتسیہ پرماچل کی عدالت میں سماعت ہو رہی تھی۔ اس دوران معاملے کے پانچ ملزمین تو حاضر ہوئے، لیکن ایک ملزم کی طرف سے اس کے وکیل نے غیر حاضری کی عرضی لگاتے ہوئے پیشی سے چھوٹ کے لیے استدعا کی۔ وکیل نے بتایا کہ ملزم اس وقت امرناتھ یاترا پر ہے اس لیے عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتا۔

ملزم سونو کے وکیل کی دلیل سن کر جج ناراض ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ ملزم کی امرناتھ یاترا کا منصوبہ اچانک تو نہیں بنا ہوگا، یقیناً قصداً ملزم کے ذریعہ یہ حرکت کی گئی ہے۔ چونکہ پہلے سے سماعت کی تاریخ طے تھی اور اس تاریخ پر سبھی ملزمین کو حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا، اس لیے سبھی کو حاضر رہنا تھا۔ اس وقت ثبوتوں پر بحث چل رہی ہے، ایسے میں ملزم کی غیر حاضری کی وجہ سے کارروائی رخنہ انداز ہوئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس کی جانکاری کے باوجود ملزم عدالت کو بتائے بغیر ہی مذہبی یاترا پر نکل گیا جو ناقابل برداشت ہے۔


اپنے فیصلے میں عدالت نے انڈر لائن کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ملزم کی یہ یاترا قبل سے مقرر تھی۔ ایسے میں عدالت کسی حال میں ملزم کی غیر حاضری کے اسباب کو قبول کرنے کی حالت میں نہیں ہے۔ عدالت کی کارروائی رخنہ انداز ہونے پر مجسٹریٹ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ملزم پر 5000 روپے کا جرمانہ لگایا اور آئندہ کے لیے سخت ہدایت دی۔ ساتھ ہی عدالت نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزم سے پوچھا ہے کہ اس حرکت کے لیے کیوں نہ اس کی ضمانت کو رد کر دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔