راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچی دہلی پولیس، کانگریس کا شدید ردعمل

انڈین نیشنل کانگریس نے دہلی پولیس کے اس عمل کو شرم ناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اڈانی معاملہ پر سوالوں سے گھبرا گئے ہیں اور ایسی حرکتوں سے پارٹی کا حوصلہ مزید مضبوط ہوگا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بھارت جوڑو یاترا کے دوران دئے گئے بیان کے سلسلہ میں اتوار کے روز دہلی پولیس راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی کو ایک نوٹس بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔ تاہم انڈین نیشنل کانگریس نے دہلی پولیس کے اس عمل کو شرم ناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اڈانی معاملہ پر سوالوں سے گھبرا گئے ہیں اور ایسی حرکتوں سے پارٹی کا حوصلہ مزید مضبوط ہوگا۔

وہیں پولیس کی اس کارروائی کے بعد کانگریس کے اہم لیڈران متحرک ہو گئے اور یکے بعد دیگرے راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔ رپورٹ کے مطابق پون کھیڑا، اشوک گہلوت، شکتی سنگھ گوہل، ابھیشیک منو سنگھوی اور جے رام رمیش راہل کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔


پولیس نے پہلے پون کھیڑا کو رہائش گاہ کے اندر جانے سے روک دیا تھا لیکن بعد میں انہیں اجازت دے دی گئی۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کو دھمکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کو کیا لگتا ہے کہ وہ ڈر جائیں گے؟‘‘

وہیں، اسپیشل سی پی (لا اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہڈا نے کہا کہ ہم ان سے بات کرنے آئے ہیں۔ راہل گاندھی نے 30 جنوری کو سری نگر میں ایک بیان دیا تھا کہ یاترا کے دوران انہوں نے کئی خواتین سے ملاقات کی اور انہوں نے راہل گاندھی کو بتایا کہ ان کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔ اس لیے ہم ان سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔

خیال رہے کہ سری نگر میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کے آخری دن راہل گاندھی نے کہا تھا کہ آج بھی خواتین کا جنسی استحصال ہو رہا ہے۔ دہلی پولیس نے اس معاملہ پر راہل گاندھی کو 16 مارچ کو نوٹس بھیجا تھا، جس میں پوچھا گیا تھا کہ وہ کون سی خواتین ہیں جنہوں نے یہ بات کہی ہے۔ راہل گاندھی کو اپنی تفصیلات دہلی پولیس کو دینی چاہئے۔ دہلی پولیس ذرائع کے مطابق کانگریس لیڈر نے ابھی تک دہلی پولیس کو جواب نہیں دیا ہے۔


وہیں، کانگریس نے دہلی پولس کے ذریعہ راہل گاندھی کو نوٹس دینے پر مرکز کو نشانہ بنایا۔ کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور اڈانی کے درمیان تعلقات پر راہل گاندھی کے سوالات سے پریشان حکومت اپنی پولیس کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔ کانگریس نے کہا تھا کہ ہم قانون کے مطابق مناسب وقت پر نوٹس کا جواب دیں گے۔ یہ نوٹس اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے۔

دریں اثنا، کانگریس پارٹی کی طرف سے ایک ٹوئٹ میں لکھا گیا ’’بھارت جوڑو یاترا اور راہل گاندھی نے خواتین کو اپنے مسائل اور درد بانٹنے کے لیے ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کیا۔ دہلی پولیس کی یہ شرم ناک حرکت ثابت کرتی ہے کہ وزیر اعظم مودی اڈانی معاملہ پر ہمارے سوالوں سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ ایسی حرکات سے ہماری ہمت مضبوط ہوئی، ہم جواب لیتے رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔