سسودیا کے بیان سے دہلی میں دہشت، جولائی تک ہوں گے کورونا کے 5.5 لاکھ کیسز

وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ جھرمٹ اور چھوٹی کالونیوں میں کورونا کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ، لیکن معاشرتی انفیکشن کی حالت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں کورونا وائرس انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں کے درمیان نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس سے دہلی کے باشندوں میں دہشت پیدا ہو گئی ہے۔ دراصل دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ میٹنگ کے بعد منیش سسودیا نے میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انھوں نے بتایا کہ ”دہلی میں جس طرح سے کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں، اگر ایسے بڑھتے رہے تو 15 جولائی تک 33 ہزار بیڈ کی ضرورت پڑے گی، اور 31 جولائی تک کورونا کے مریضوں کے لیے 80 ہزار تک بیڈ کی ضرورت پڑے گی۔“ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ 15 جولائی تک دہلی کورونا انفیکشن کے 2.25 لاکھ کیسز ہونے کا امکان ہے اور یہی رفتار رہی تو 31 جولائی تک کیسز کی تعداد 5.5 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔


میڈیا سے بات چیت کے دوران منیش سسودیا نے دہلی کے لوگوں کے لیے اچھی خبر یہ سنائی کہ ابھی ریاست میں کورونا انفیکشن کمیونٹی سطح پر پھیلنا شروع نہیں ہوا ہے۔ لیکن اس کے باوجود جولائی تک 5.5 لاکھ کیسز ہونے کے امکان سے متعلق سسودیا کا بیان فکر انگیز ہے۔ 9 جون کو لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل سے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ کے بعد ، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور وزیر صحت ستیندر جین نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ موجودہ سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ ابھی تک دہلی میں کورونا وائرس کے انفیکشن کا کمیونٹی سطح پر پھیلاؤ نہیں ہوا ہے۔ لہٰذا ، میٹنگ میں ابھی تک اس مسئلے پر بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

دہلی حکومت اور راجدھانی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں صرف راجدھانی کے لوگوں کے علاج کے فیصلہ کو لیفٹیننٹ گورنر کے الٹنے سے متعلق فیصلہ پر منیش سسودیا نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے فیصلہ تبدیل کرنے سے پہلے کچھ جائزہ وغیرہ لیا تھا، لیکن ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے فیصلے کو تبدیل کرنے کے بعد دہلی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی ذمہ داری کون قبول کرے گا، لیفٹیننٹ گورنر کے پاس اس کا بھی جواب نہیں تھا۔


اس درمیان وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ جھرمٹ اور چھوٹی کالونیوں میں کورونا کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، لیکن معاشرتی انفیکشن کی حالت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ انفیکشن کے معاملے میں دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔ راجدھانی میں کورونا وائرس کے کل 29 ہزار 943 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ فی الحال 17712 فعال معاملے اور 874 اموات ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jun 2020, 4:11 PM