سونیا، منموہن اور راہل نے این ڈی تیواری کو پیش کی خراج عقیدت

کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے کی سربراہ سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ تقریباً ڈیڑھ بجے این ڈی تیواری کے دیدار کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے جسد خاکی کوگلہائے عقیدت پیش کیا۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس صدرراہل گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی سربراہ سونیا گاندھی اور اتراکھنڈ کے وزیراعلی ترویندر سنگھ راوت سمیت کئی اہم رہنماؤں نے جمعہ کو یہاں اترپردیش اور اتراکھنڈ کے سابق وزیراعلی نرائن دت تیوری کا آخری دیدار کیا۔

تیواری کا 93 برس کی عمر میں جمعرات کو یہاں کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ آخری دیدار کے لئے ان کے جسد خاکی کو تلک لین میں واقع رہائش گاہ پر رکھا گیا ہے۔ سنیچر کے روز ان کے جسد خاکی کو لکھنؤ لے جایا جائے گا اور پھر اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے کی سربراہ سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ تقریباً ڈیڑھ بجے این ڈی تیواری کے دیدار کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے جسد خاکی کوگلہائے عقیدت پیش کیا اور ان کی روح کے سکون کے لئے دعا کی اور افراد خانہ کو دلاسہ دیا۔

اتراکھنڈ کے وزیراعلی ترویندر سنگھ راوت صبح ہی این ڈی تیواری کے آخری دیدار کے لئے ان کی رہائش گاہ گئے تھے۔ اتراکھنڈ کے تین سابق وزرائے اعلی بھگت سنگھ کوشیاری، رمیش پوکھریال نشنک اور وجے بہوگنا نے بھی تیواری کا آخری دیدار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کی۔

راجیہ سبھا میں کانگریس کے لیڈر غلام نبی آزاد اور کانگریس کے خازن احمد پٹیل نے بھی این ڈی تیواری کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک نے ایک بڑے رہنما کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیواری نے اترپردیش اور اتراکھنڈ کی ترقی میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */