دہلی-این سی آر: لگاتار کروٹیں بدل رہا موسم، 3 سال بعد 20 جنوری رہا سب سے گرم دن، لیکن 23 جنوری سے بارش کے آثار

2022 میں 20 جنوری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18.1، 2021 میں 20.4، اور 2020 میں 16.7 ڈگری سلسیس درج ہوا تھا۔

سرد موسم / تصویر یو این آئی
سرد موسم / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی-این سی آر میں موسم لگاتار کروٹیں بدل رہا ہے۔ گزشتہ بدھ تک لوگوں کو سرد لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، لیکن دو دنوں میں حالات کافی کچھ بدل گیا ہے۔ اس بدلاؤ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آج یعنی 20 جنوری گزشتہ تین سالوں میں سب سے گرم دن رہا۔ جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 ڈگری زیادہ 23.1 ڈگری سلسیس، اور کم از کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری سلسیس درج ہوا۔

واضح رہے کہ 2022 میں 20 جنوری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18.1، 2021 میں 20.4، اور 2020 میں 16.7 ڈگری سلسیس درج ہوا تھا۔ 2019 کی بات کی جائے تو اس وقت 20 جنوری کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری رہا تھا۔ یعنی 2019 کے بعد 2023 میں 20 جنوری سب سے گرم دن رہا۔ جمعہ کے روز اسپورٹس کمپلیکس، پیتم پورہ اور ریج میں دن کے وقت گرمی کی شدت 24 ڈگری تک درج کی گئی۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہند کے میدانی علاقوں میں آئندہ تین دن موسم خوشنما رہے گا۔ اس دوران دن میں دھوپ رہے گی، جبکہ رات کے وقت سردی کا احساس ہوگا۔ شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں آئندہ پانچ دنوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت میں خاص تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ موسم ایک بار پھر 23 سے 26 جنوری کے درمیان کروٹ بدل سکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس دوران بارش ہو سکتی ہے۔ 24 جنوری کو 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چلنے کے بھی آثار ہیں۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔