دہلی میٹرو نے کی یلو لائن پر مفت ’وائی فائی سروس‘ کی شروعات

تمام یلو لائن اسٹیشنوں پر تیز رفتار وائی فائی کے آغاز کے ساتھ ’’او یو آئی ڈی ایم آر سی فری وائی فائی‘‘ اب دہلی میٹرو نیٹ ورک کے 94 اسٹیشنوں پر دستیاب ہے۔

یلو لائن، تصویر یو این آئی
یلو لائن، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی میٹرو نے اتوار سے یلو لائن کے تمام میٹرو اسٹیشنوں پر مفت ہائی اسپیڈ وائی فائی سروس کی شروعات کی ہے۔ یہ لائن -2 ہڈا سٹی سنٹر سے سمے پور بادلی تک ہے۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے یہاں ایک ریلیز میں کہا کہ یہ سروس، تہواروں کے موسم کے آغاز کے ساتھ، اس لائن پر شروع کی گئی ہے، جس میں 37 میٹرو اسٹیشن شامل ہیں۔ ان 37 اسٹیشنوں پر 330 سے ​​زائد ایکسس پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو بغیر کسی مشکلات کے انٹرنیٹ سروس دستیاب ہوسکے۔ یہ تیز رفتار مفت وائی فائی سروس دہلی یونیورسٹی کے شمالی دہلی کیمپس میں آنے اور جانے والے طلباء کے لیے ایک خاص تحفہ ثابت ہوگی۔

اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی حاصل کرنے کے لئے مسافروں کو اپنے فون پر "او یو آئی ڈی ایم آر سی فری وائی فائی‘‘ پر جاکر کلک کرنا ہوگا، اس کے بعد ایس ایم ایس کے ذریعہ او ٹی پی حاصل کرنے کے لئے اپنا فون نمبر اور ای میل آئی ڈی درج کریں۔ او ٹی پی درج کرنے کے بعد سبھی مسافر مفت وائی فائی کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ او یو آئی ڈی ایم آر سی مفت ہائی اسپیڈ وائی فائی سروسز پہلے ہی بلیو لائن اور ائیرپورٹ ایکسپریس لائن کے تمام اسٹیشنوں پر دستیاب ہے۔ بلیو لائن (دوارکا سیکٹر 21 سے نوئیڈا الیکٹرانک سٹی/ویشالی) میں 50 میٹرو اسٹیشن شامل ہیں۔


تمام یلو لائن اسٹیشنوں پر تیز رفتار وائی فائی کے آغاز کے ساتھ ’’او یو آئی ڈی ایم آر سی فری وائی فائی‘‘ اب دہلی میٹرو نیٹ ورک کے 94 اسٹیشنوں پر دستیاب ہے۔ یہ مفت وائی فائی سروس میسرز ٹیکنو سیٹ کام کی قیادت میں ایک کنسورٹیم کے ذریعہ فراہم کی جا رہی ہے۔ ان تمام لائنوں پر میٹرو اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی سروس سے متعلق کسی بھی پریشانی کے لئے ہیلپ لائن نمبر 9541693693 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔