دہلی ایم سی ڈی انتخانات کی ووٹنگ کل، حفاظت کے لئے تعینات رہیں گے 40 ہزار اہلکار

انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز اور اسٹیٹ آرمڈ پولیس کی کل 108 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔

ایم سی ڈی الیکشن، تصویر آئی اے این ایس
ایم سی ڈی الیکشن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایم سی ڈی (میونسپل کارپوریشن آف دہلی) انتخابات کے تحت دہلی کے عوام کل یعنی 4 دسمبر کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے دہلی پولیس قومی راجدھانی کے چپے چپے پر 40000 سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کرے گی۔

ایک عہدیدار نے بتایا، ’’پڑوسی ریاستوں اتر پردیش، راجستھان اور ہریانہ سے بھی ہوم گارڈ کے کل 20000 سیکورٹی اہلکاروں کو انتخابی ڈیوٹی کے لیے بلایا گیا ہے۔‘‘ شہر بھر میں 13 ہزار سے زائد پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 3000 بوتھ ’حساس' قرار دیئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ایم سی ڈی انتخابات میں تقریباً ایک کروڑ 45 لاکھ لوگ اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔


انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز اور اسٹیٹ آرمڈ پولیس کی کل 108 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔ پولیس ٹیمیں ڈرون کی مدد سے حالیہ فرقہ وارانہ متاثرہ علاقوں پر بھی نظر رکھیں گی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، ’’پولیس نے ہر ضلع میں اپنی چوکسی بڑھا دی ہے اور ٹیموں کے ذریعے مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا ’’تمام اے سی پیز اور ایس ایچ اوس نے فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقوں کے امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ میٹنگیں کیں اور انہیں دہلی پولیس کی 'آنکھ اور کان' بننے کے لیے بیدار کیا۔ کسی بھی مشتبہ شخص کے بارے میں 1090 پر کال کر کے رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔