دہلی: کیجریوال حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر ایک بار پھر آمنے سامنے، رکتی نظر نہیں آ رہی اختیارات کی جنگ

ڈی ای آر سی چیئرمین عہدہ پر تقرری کا معاملہ چار ماہ سے رکا ہوا ہے، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے مطابق اس کی وجہ سے پورا کام ٹھپ پڑا ہے۔

ونئے کمار سکسینہ اور اروند کجریوال
ونئے کمار سکسینہ اور اروند کجریوال
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (ڈی ای آر سی) کے چیئرمین کی تقرری کی فائل ایک بار پھر لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) کو بھیجی ہے۔ دہلی حکومت نے سبکدوش جج راجیو کمار سریواستو کو ڈی ای آر سی کا چیئرمین مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ دہلی حکومت نے ایل جی کو یہ تجویز سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں بھیجی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈی ای آر سی چیئرمین عہدہ پر تقرری کا معاملہ چار ماہ سے رکا ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے پورا کام ٹھپ پڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس معاملے کو لے کر گزشتہ 19 مئی کو سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ایل جی کو سخت پھٹکار لگاتے ہوئے دو ہفتہ کے اندر اس پر عمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ 11 اور 19 مئی کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں صاف کہا ہے کہ ایل جی لینڈ، پبلک آرڈر اور پولیس کو چھوڑ کر باقی سبجیکٹ پر منتخب حکومت کی مدد و صلاح پر کام کرنے کے لیے مجبور ہیں۔


ڈی ای آر سی چیئرمین کی تقرری اس لیے اہم ہے کیونکہ دہلی میں بجلی سیکٹر کو اثردار ڈھنگ سے کنٹرول کر سکے۔ چار ماہ پہلے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ڈی ای آر سی چیئرمین کی شکل میں جسٹس (سبکدوش) راجیو کمار سریواستو کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ ان کی تقرری کی تجویز اُس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے پیش کی تھی، جن کے پاس وزارت توانائی کی ذمہ داری تھی۔ اس سے پہلے گزشتہ دو ڈی ای آر سی سربراہان کی تقرری الیکٹرسٹی ایکٹ کے اسی عمل کے مطابق کی گئی تھی۔ تجویز کو منظوری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ سابق ایل جی انل بیجل ڈی ای آر سی کے گزشتہ دو سربراہان کی تقرری میں حکومت کے فیصلوں سے متفق تھے اور ان کا حکومت کے فیصلوں سے الگ نظریہ نہیں تھا۔

دہلی حکومت کی طرف سے فائل ایل جی کو بھیجی گئی تھی۔ دہلی حکومت نے ایل جی کی طرف سے ڈی ای آر سی سربراہ کی تقرری میں ہو رہی تاخیر کو لے کر سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ دہلی حکومت نے عرضی میں کہا کہ چار ماہ پہلے جنوری میں ڈی ای آر سی کے نئے چیئرمین کی شکل میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سبکدوش جج راجیو کمار سریواستو کا نام تجویز کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔