اگنی پتھ اسکیم کے خلاف تمام عرضیوں پر دہلی ہائی کورٹ سماعت کرے گا: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے اگنی پتھ اسکیم کے تعلق سے دائر کی گئیں کئی عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ تمام عرضیوں پر دہلی ہائی کورٹ سماعت کرے گا۔

اگنی پتھ اسکیم
اگنی پتھ اسکیم
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے فوجی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے تعلق سے دائر کی گئی عرضیوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ان تمام عرضیوں پر دہلی ہائی کورٹ سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے اپنے پاس زیر التوا تین عرضیوں کو سماعت کے لئے دہلی ہائی کورٹ منتقل کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ سنایا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں، حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ ملک کے کئی ہائی کورٹز میں اگنی پتھ اسکیم کے تعلق سے عرضیاں داخل کی گئی ہیں۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ میں بھی عرضی داخل کی گئی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام عرضیوں پر ایک ساتھ سماعت کی جائے۔ اس پر جسٹس چندرچوڈ سنگھ نے جواب دیا ’’آپ تمام عرضیوں کی منتقلی کے تعلق سے عرضی دائر کریں۔ ہم تمام عرضیوں کو سماعت کے لئے ہائی کورٹ منتقل کر دیں گے۔‘‘


ادھر، عرضی گزار نے کہا کہ تمام عرضیوں پر سپریم کورٹ کو ہی سماعت کرنی چاہئے کیونکہ کئی ریاستوں میں لگاتار عرضیاں دائر کی جا رہی ہیں۔ عرضی گزار ایم ایل شرما نے کہا کہ عدالت کو ہمارا موقف سن لینا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جن لوگوں نے عرضی دائر کی ہے ان کا موقف سن کر ہی عرضی ہائی کورٹ میں منتقل کی جائے گی۔ سالیسٹر جنرل نے اطلاع دی کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک کے مختلف ہائی کورٹوں میں الگ الگ 6 عرضیاں دائر کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔