جمنا پر جھوٹ بول رہی دہلی حکومت، پانی اب بھی زہریلا: ڈاکٹر نریش کمار
دہلی کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے جمنا کے پانی کا نمونہ لیا اور کہا کہ حکومت نے صفائی کا وعدہ پورا نہیں کیا اور پانی آج بھی زہریلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے

دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور بی جے پی رہنماؤں پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور غلط بیانی کر رہے ہیں کہ جمنا کا پانی صاف ہو گیا ہے اور اب پینے کے لائق ہے۔ انہوں نے اسے ’سفید جھوٹ‘ قرار دیا۔
ڈاکٹر نریش کمار نے اتوار کے روز کالندی کنج جمنا گھاٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خود دیکھا کہ ندی کا پانی اب بھی زہریلا ہے اور اس میں جھاگ پہلے کی طرح موجود ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بوتل میں جمنا کا آلودہ پانی بھرا اور دہلی جل بورڈ کی لیبارٹری میں اس کی جانچ کرانے کی مانگ کی، مگر وہاں موجود افسران نے جانچ سے انکار کر دیا۔
ڈاکٹر نریش کمار نے بتایا کہ جب انہوں نے جل بورڈ کے افسران سے پوچھا کہ کیا یہ پانی پینے کے قابل ہے تو انہوں نے صاف طور پر ’نہیں‘ میں جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمنا کی صفائی کا جو وعدہ کیا تھا، وہ آج تک پورا نہیں ہوا۔
کانگریس ترجمان نے کہا، حکومت کو چاہیے کہ وہ کم از کم دہلی کے عوام کو گمراہ نہ کرے۔ یہ حکومت جمنا کی آرتی اتارنے اور تشہیر کرنے میں مصروف ہے مگر اصل صفائی کا کوئی کام نہیں کر رہی۔ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد 250 دن مکمل کر لیے لیکن اب تک ڈھائی کام بھی انجام نہیں دیے۔‘‘
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’پہلے یہی لوگ پرانی حکومتوں پر الزام لگاتے تھے کہ جمنا میں جھاگ اٹھ رہا ہے، کیمیکل ڈالا جا رہا ہے لیکن آج وہی سب کچھ دہرا رہے ہیں۔ صرف چہرے بدلے ہیں، نظام نہیں۔ پہلے بھی تشہیر کی حکومت تھی، اب بھی تشہیر کی حکومت ہے۔‘‘
ڈاکٹر نریش کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے جھوٹے دعوؤں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جمنا کی صفائی دہلی کی زندگی سے جڑا مسئلہ ہے، محض سیاسی نعرہ نہیں اور اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی تو اب تک جمنا کا رنگ اور بدبو دونوں ختم ہو چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دہلی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اس معاملے کو لے کر سڑک سے اسمبلی تک آواز اٹھائے گی تاکہ دہلی والوں کو صاف پانی اور صحت مند ماحول مل سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔