دہلی حکومت کا بلڈوزر کارروائی کے سلسلہ میں کارپوریشنوں کو نوٹس، یکم اپریل سے اب تک کی تفصیلات طلب

کیجریوال حکومت نے تجاوزات کے خلاف جاری بلڈوزر کارروائی پر رپورٹ طلب کر لی ہے، حکومت نے یکم اپریل سے اب تک کی تفصیلات طلب کی ہیں، عام آدمی پارٹی حکومت شروع سے ہی اس کارروائی کی مخالفت کر رہی ہے۔

دہلی میں بلڈوزر کارروائی / یو این آئی
دہلی میں بلڈوزر کارروائی / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی حکومت نے تینوں کارپوریشنوں شمالی، جنوبی اور مشرقی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دارالحکومت دیلی میں جو بلڈوزر چلا ہے اس کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے حکومت نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ تینوں میونسپل کارپوریشنز یکم اپریل سے اب تک جتنے بھی انسداد تجاوزات مہم چلائی ہیں ان کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور اب تک کا تمام ڈیٹا فراہم کریں۔

غور طلب ہے کہ کیجریوال نے بلڈوزر کے ذریعہ تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات پر کارروائی کے سلسلے میں پیر کے روز کہا کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی سے کہا ہے کہ آپ کو جیل جانا پڑے تو ڈرنا نہیں لیکن آپ کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ دوسری جانب دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بی جے پی پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی دہلی کو تباہ کرکے دہلی کے 63 لاکھ لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کر رہی ہے۔


دریں اثنا، دہلی میں ایم سی ڈی کی انہدامی کارروائی بدھ کے روز بھی جاری رہی۔ کلیان پوری علاقہ میں چلائی جا رہی تجاوزات مخالف ایسی کارروائی کے دوران ڈی ڈی اے کی ٹیم نے چار عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے اس کارروائی کے خلاف احتجاج کیا، جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ کلیان پوری میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کی گئی تھی۔ تاہم اس دوران مقامی لوگوں نے بھی تجاوزات مخالف کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔

اس دوران عآپ کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے کہا کہ ’’ان لوگوں کے پاس صحیح کاغذات موجود ہیں، ہم ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ تینوں میونسپل کارپوریشنوں نے دہلی کے مختلف حصوں بشمول شاہین باغ، جہانگیر پوری، مدن پور کھادر، نیو فرینڈز کالونی، منگول پوری، روہنی، گوکل پوری، لودھی کالونی اور جنگ پوری میں انسداد تجاوزات مہم شروع کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے انسداد تجاوزات مہم کی مخالفت کی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس سلسلہ میں پیر کے روز اپنی رہائش گاہ پر عام آدمی پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی کا اجلاس طلب کیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */