24 دسمبر کو ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا استقبال کرنے کے لیے دہلی کانگریس کمربستہ، بدرپور بارڈر سے راجدھانی میں ہوگی انٹری

بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کی صبح بدرپور بارڈر سے دہلی میں داخل ہوگی اور آشرم، حضرت نظام الدین، انڈیا گیٹ ہوتے ہوئے لال قلعہ کی طرف بڑھے گی۔

بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی / ٹوئٹر / @INCIndia
بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی / ٹوئٹر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ 24 دسمبر کو راجدھانی دہلی پہنچ رہی ہے۔ یہاں پر یاترا کا استقبال کرنے کے لیے دہلی کانگریس پوری طرح کمربستہ ہے۔ ہفتہ کے روز یاترا بدرپور بارڈر سے راجدھانی دہلی میں داخل ہوگی جس کے لیے کانگریس کارکنان پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ پارٹی نے یاترا کے استقبال کو عظیم الشان بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دی ہے۔ جس بھی راستے سے یاترا کا گزر ہوگا، وہاں جھنڈے اور ہورڈنگز لگا دیے گئے ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح بدرپور بارڈر سے ہوتے ہوئے بھارت جوڑو یاترا دہلی میں داخل ہوگی اور ساڑھے دس بجے آشرم پہنچے گی۔ یہاں سے سبھی بھارت یاتری حضرت نظام الدین، انڈی اگیٹ سے ہوتے ہوئے لال قلعہ کی طرف بڑھیں گے۔ اس کے بعد راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی اسمارک پر راہل گاندھی کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور پھر یاترا کو کچھ دنوں کے لیے آرام دیا جائے گا۔ بعد ازاں 3 جنوری کو بھارت جوڑو یاترا پھر سے شروع ہوگی۔


اس سے قبل کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے کہا تھا کہ شمال میں شدید سردی کے لیے کنٹینرس کی مرمت اور انھیں تیار کرنے کے لیے یاترا میں 9 دنوں کا بریک ہوگا۔ ساتھ ہی اس یاترا میں حصہ لینے والے کئی لوگ تقریباً چار ماہ بعد اپنے کنبہ کے ساتھ وقت گزار پائیں گے۔ یاترا 3 جنوری 2023 کو پھر سے شروع ہوگی۔

چھوٹے سے وقفہ کے بعد بھارت جوڑو یاترا 3 جنوری کو غازی آباد سے شروع ہو کر ہریانہ کی طرف بڑھے گی اور 6 جنوری کو پانی پت سرحد پر سنولی خرد پہنچے گی۔ اس موقع پر دوسرے دن عظیم الشان ریلی کا انعقاد ہوگا۔ اس کے بعد یاترا کئی دنوں تک ہریانہ میں ہی آگے بڑھتی رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔