دہلی کی وزیر اعلیٰ کے ذریعہ جمنا کی صفائی کا دعویٰ گمراہ کن: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جمنا میں امونیا کی سطح کم ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں، جو کہ دہلی کے بھولے بھالے پوروانچل بھائی بہنوں کو گمراہ کرنے والا ہے۔

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے جمنا کنارے جا کر صفائی کے حوالے سے جو بیان دیا ہے، اس میں صرف زبانی جمع خرچ نظر آ رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ پلا سے اوکھلا تک دہلی میں بہنے والے 22 کلومیٹر کے حصہ میں جمنا کی صفائی کہیں بھی انقلابی سطح پر نظر نہیں آ رہی ہے، صرف چھٹھ گھاٹ تیار کرنے کی وجہ سے کہیں کہیں صفائی کا کام ہو رہا ہے۔ اگر اس اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر کام کر کے بی جے پی کی وزیر اعلیٰ جمنا میں امونیا کی سطح کم ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں، تو وہ صرف دہلی کے بھولے بھالے پوروانچل کے بھائی بہنوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ ایک طرف وزیر پرویش ورما جمنا میں جھاگ ختم کرنے والا کیمیکل ڈال کر جمنا کے پانی کو صاف ستھرا دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور دوسری طرف وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پانی کی لیب ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جمنا پر لا کر یہ دکھانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ جمنا میں امونیا کم ہو رہا ہے اور آکسیجن کی سطح بڑھ رہی ہے۔ جب 5 دن پہلے، 11 اکتوبر کو ایک رپورٹ میں صاف دکھایا گیا تھا کہ کالندی کنج میں جمنا میں جھاگ واضح طور پر نظر آیا، تو پھر آج ریکھا گپتا کس طرح دعویٰ کر رہی ہیں کہ بی جے پی کے خوف سے جھاگ ہی صاف ہو گیا ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ روزانہ 80 کروڑ لیٹر سے زیادہ ’اَن ٹریٹیڈ سیوریج‘ براہِ راست جمنا میں ڈالا جاتا ہے، 4.4 کروڑ لیٹر صنعتی فضلہ بھی دریا میں بہایا جاتا ہے اور جمنا میں چھوڑے جانے سے پہلے جو گندہ پانی صاف کیا جاتا ہے وہ مجموعی تخمیناً خارج ہونے والے فضلہ کا صرف 35 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کی رپورٹ کے مطابق مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے جون میں بتایا تھا کہ اصغر پور میں فیکل کولیفارم کی سطح 24,00,000 ایم پی این (سب سے زیادہ ممکنہ تعداد) فی 100 ملی لیٹر پائی گئی، جو نہانے کے لیے محفوظ سمجھی جانے والی حد 500 ایم پی این/100 ملی لیٹر سے 4,800 گنا زیادہ تھی۔ مئی میں یہ سطح 23,00,000 ایم پی این/100 ملی لیٹر تھی، جو مطلوبہ حد سے 4,600 گنا زیادہ تھی۔ رپورٹ میں صاف طور پر بتایا گیا ہے کہ پلا کو چھوڑ کر دہلی میں جہاں کہیں بھی پانی کے نمونے جانچ کیے گئے، وہاں فیکل کولیفارم کی سطح مطلوبہ اور ’زیادہ سے زیادہ قابلِ قبول‘ حد سے کہیں زیادہ پائی گئی۔
دیویندر یادو نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ووٹ بینک کی سیاست کے لیے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اتنا غیر ذمہ دارانہ بیان کیسے دے سکتی ہیں۔ کانگریس نے 15 سال دہلی کی حکومت چلائی ہے اور چھٹھ کی تیاریوں کے لیے ہم مہینوں پہلے کام شروع کر دیتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا موقع پر تو پہنچ رہی ہیں لیکن کام کے نام پر صرف کھوکھلی اور جھوٹی بیان بازی کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ جمنا میں فیکل کولیفارم کی سطح، جو دریا میں سیوریج کے بوجھ کا اشاریہ ہے، دہلی میں اتنی زیادہ ہے کہ راجدھانی میں دریا کا پھیلاؤ عملاً ایک ’سیوریج نالہ‘ بن چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔