’2022 میں بی جے پی کی سازش کے سبب ملی تھی شکست‘، اکھلیش یادو نے موجودہ حکومت پر لگایا سنگین الزام

اکھلیش یادو نے بی جے پی کو سب سے زیادہ سازش کرنے والی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا اس بار یوپی میں جیت کا کھاتہ نہیں کھلنے والا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / ویڈیو گریب</p></div>

اکھلیش یادو / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے بجنور کے نہٹور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے بی جے پی پر ملک کا ماحول خراب کرنے کا الزام لگایا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ نگینہ لوک سبھا سیٹ سے انڈیا اتحاد امیدوار منوج کمار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

اکھلیش یادو نے اپنے خطاب کے دوران بی جے پی کو سب سے زیادہ سازش تیار کرنے والی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کا اس مرتبہ یوپی میں جیت کا کھاتہ نہیں کھلنے والا ہے۔ 2022 میں عوام کی ہم لوگوں کو بھرپور حمایت ملی تھی۔ بجنور میں بھی ہم نے سیٹیں جیتی تھیں، لیکن یہاں سازش کے تحت ہمیں ہرا دیا گیا۔ اب اگر بی جے پی کی حکومت مرکز میں آئی تو آئین کو بدلنے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کو ختم کر دے گی۔‘‘


اکھلیش یادو نے سوال اٹھایا کہ الیکٹورل بانڈ کا پیسہ اتنے بڑے مقدار میں بی جے پی کے پاس کیسے پہنچ گیا۔ ہر ایک کمپنی بی جے پی کو الیکٹورل بانڈ سے پیسہ دے رہی ہے۔ بی جے پی سازش کے تحت دوسرے لیڈروں کو جیل بھیجنے پر آمادہ ہے۔ جھوٹا کیس بنا کر انھیں جیل بھیجا جا رہا ہے۔

سماجوادی پارٹی امیدوار منوج کمار کا تذکرہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’انھوں نے جج کی کرسی کو چھوڑ کر سیاست میں قدم رکھا ہے۔ کرسی چھوڑ کر جو افسر سیاست میں آتے ہیں، وہ برسراقتدار طبقہ کے ساتھ جاتے ہیں، لیکن منوج کمار ایسے پہلے انسان ہیں جو اپوزیشن کے ساتھ آئے ہیں۔‘‘


اکھلیش یادو نے مظفر نگر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والے ’بھارت ماتا کی جئے‘ بولتے ہیں، لیکن فوج کی ملازمت کو ’اگنی ویر‘ میں بدل دیا۔ اگر بی جے پی جیت گئی تو خاکی کی ملازمت محض تین سال کی رہ جائے گی۔ ایسے میں ’بھارت ماتا‘ کی حفاظت کس طرح ہوگی!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔